نئی دہلی// کانگریس نے مودی حکومت پر گزشتہ پانچ برسوں میں دھوکہ اور وعدہ خلافی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پیر کے دن کہا کہ اس انتخابات میں ملک کی عوام بی جے پی کو مسترد کردے گی اور وزیراعظم مودی کو جھولا اٹھاکر جانا پڑے گا۔کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل، میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا، انتخابی منشور کمیٹی کے ممبر پروفیسر راجیو گوڑا اور پروفیسر گورو بلبھ نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں مودی حکومت کی پانچ برسوں کی 125 ناکامیابیوں پر تیار ایک کتابچہ جاری کیا اور کہا کہ گزشتہ پانچ برس وعدہ خلافی کے رہے ہیں اور یہ سب چونکانے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمع خوروں اور کالابازاری روکنے کے لئے بی جے پی نے خصوصی عدالتیں کھولنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کیا کچھ نہیں۔ بیرون ممالک سے 80 لاکھ کروڑ بلیک منی لانے کی بات کہی گئی تھی لیکن عوام کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والے نیرو مودی جیسے لوگوں کو ملک سے فرار ہونے کی اجازت دے دی گئی تاکہ ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جاسکے ۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کو معاشی طاقت بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان پانچ برسوں میں ملک کو الٹے قرض میں ڈبودیا۔ چونکانے والی بات یہ ہے کہ سال 2014 میں ملک پر 5490763 کروڑ روپے قرض تھا جو 2018 میں بڑھ کر 8203253 کروڑ روپے ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے پانچ برسوں میں 2712490 کروڑ روپے کا قرض لیا ہے اور ملک کی عوام کو قرض دار بنارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے ملک کی عوام کے ساتھ تقریبا 125 وعدے کئے گئے ہیں اور ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وعدہ خلافی ہے اور اس انتخابات میں ملک بی جے پی کو اس کے لئے معاف نہیں کرے گی۔یو این آئی