کپوارہ//ضلع الیکشن آ فیسر کپوارہ نے9اساتذہ سمیت 11ملازمین کو الیکشن کمیشن حکم نامہ کی خلاف ورزی کی پاداش میں معطل کیا ہے اور ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کو تحقیقات کے لئے مقرر کیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ بارہ مولہ پارلیمانی انتخابات کے لئے ڈیوٹی پرمامورکئے گئے سرکاری ملازمین کو ضلع کے سرحدی علاقوں میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے کے لئے7اپریل کو ٹی آر سی کپوارہ میں پہنچنا تھا تاکہ وہ وہا ں سے الیکشن کا سامان حاصل کر کے کیرن ،مژھل اور کرناہ کی طرف روانہ ہوسکے لیکن یہ ملازمین وقت پر نہیں پہنچے اور الیکشن کمیشن کے حکم نامہ جسمیں انہو ں نے کہا تھا کہ سرحدی علاقوں کو الیکشن سے 4روز قبل ڈیوٹی عملہ اور مشینری کو پہنچایا جائے ،کی خلاف ورزی کی ۔ضلع الیکشن آفیسر کپوارہ انشل گرگ نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے 11ملازمین منظور احمد کھٹانہ لیکچر آر بائز ہائر سیکنڈری سکول کاریہامہ ،عاشق حسین خان ماسٹر بوئز مڈل سکول کرالہ پورہ ،عبد الا احد شیخ لیکچر آر بائز ہائر سیکنڈری سکول کرالہ پورہ ،عبد الرشید میر ماسٹر یو پی ایس تلواری ،اعجاز یوسف ماسٹر بوئز ہائی سکول ٹنگڈار ،شکیل احمد شاہ ماسٹر یو پی ایس بونہ پورہ ،غلام نبی تانترے ہائی سکول پازی پورہ ،فیاض احمد ڈار جونئیر اسسٹنٹ محکمہ تعلیم ،اعجاز احمد خان ،مڈل سکول شاہ نگری ،غلام محی الدین میر ضلع فنڈ آفس اور غلام محمد ملہ شپ ہسبنڈری لاوسہ کو معطل کردیا ہے۔ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کیا گیا اور انہیں 15روز کے اندر اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی جبکہ ان کی تنخواہ بھی تاحکم ثانی روک دینے کے احکامات صادر کئے گئے ۔
۔ 400سیاسی لیڈران و کارکنان کی سیکورٹی بحال کردی گئی
نیوز ڈیسک
سرینگر//ریاستی حکومت نے 400افراد کی سیکورٹی کو بحال کردیاہے۔ ان افراد سے گزشتہ ماہ سیکورٹی واپس لی گئی تھی۔ معلوم ہوا ہے کہ گورنر ستیہ پال ملک نے الیکشن کے پیش نظرتازہ فیصلے کے تحت سوموار کو 400سیاسی لیڈران اور کارکنان کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کو دوبارہ بحال کردیا۔ گورنر نے وادی کی تازہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر 400سیاسی لیڈران و کارکنان کی سیکورٹی کو دوبارہ بحال کردیا تاہم تازہ فیصلے میں علیحدگی پسند لیڈران کی سیکورٹی کو بحال نہیں کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گورنر ستیہ پال ملک کی طرف سے تازہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب ریاست کی جملہ سیاسی پارٹیوں نے سیاسی لیڈران و کارکنان کی سیکورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا۔گزشتہ دنوں مرکزی وزارت داخلہ نے بتایا کہ جموں وکشمیر کی حکومت نے 919سیاسی لیڈران، کارکنان اور علیحدگی پسندوں کی سیکورٹی پر مامور فورسزاہلکاروں کو واپس بلایا ہے۔