سرینگر/حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی شاہ گیلانی، حریت کانفرنس (ع) چیئرمین میرواعظ محمد عمر فاروق اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک پر مبنی مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کل 11 اپریل بروز جمعرات عوام سے کشمیر میں مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے اتفاق رائے سے طے شدہ پروگرام کے تحت کشمیری عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے '' یہ ہڑتال مجوزہ بھارتی پارلیمانی انتخابات، این آئی اے کی چیرہ دستیوں جس میں یاسین ملک کی تہاڑ جیل منتقلی، میرواعظ عمر فاروق اور سید علی شاہ گیلانی کے دو فرزندوں نعیم الظفر گیلانی و نسیم گیلانی کی این آئی اے ہیڈ کوارٹرز طلبی کے دوران سخت ترین بلاجواز اور بے جا پوچھ گچھ کے دوران اپنائے گئے رویے، جموں۔ سرینگر شاہراہ کی بندش اور سرینگر سنٹرل جیل میں مقید اسیران کے خلاف پیلٹ سمیت طاقت کے استعمال سے انہیں زدکوف کرنے کے خلاف کیا جارہا ہے''۔
قائدین نے اپنے بیان میں کہا '' بھارت کے جبرو استبدادکے خلاف ہمیں صف آراء ہوکر بھر پور احتجاج کرنا ہوگا تاکہ بھارت اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو''۔
بیان کے مطابق کل یعنی 11 اپریل کے علاوہ مشترکہ قیادت نے عوام سے انتخابات کا بائیکاٹ کر نے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بالترتیب اپنے اپنے علاقوں میں الیکشن کے روز ہڑتال اور احتجاج کریں۔
قائدین نے کشمیر ی عوام سمیت ریاست میں موجود تمام طبقہ ہائے فکر سے وابستہ افرا، نمائندگان، فورمز، ایسوسیشنز اور سول سوسائٹی ممبران سے ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔