مودی دور میں ہندوستان فرقہ پرستی کا چہرہ بن گیا
سرینگر//’میں ملک کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کشمیر آئیں،یہاں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوجائیں اور ہائوس بوٹ والوں کی مہمان نوازی بھی دیکھیں۔ ان باتوں کا اظہار صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتخابی مہم کے دوران جھیل ڈل میں شکارا ریلی کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بالکل ٹھیک ہیں، یہاں کبھی کسی سیاح کو نشانہ نہیں بنایا گیا اور نہ ہی کبھی چھیڑ چھاڑ کی گئی، دیگر ریاستوں میں آپ رات کو نہیں چل سکتے ہیں لیکن یہاں آپ کیساتھ رات کے 2بجے بھی بنا کسی ڈر کے چلے سکتے ہیں‘‘۔انہوں نے گورنر انتظامیہ پر زور دیا کہ سیاحوں کی آمد کیلئے ٹھو س اقداما اُٹھانے پر زور دینے کے علاوہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کے منہ بند کریں جو لوگوں کو کشمیر نہ جانے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ اور وزیر اعظم کو بھی کشمیر میں سیاحت کے بڑھائوے کیلئے زور دار انداز میں بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے مسائل بہت ہیںلیکن سیاحوں کا یہاں نہ آنا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے اور ریاستی حکومت کو اس جانب توجہ مبذول کرنی چاہئے اور منفی پروپیگنڈا کا توڑ کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ جھیل ڈل کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل ہماری ریاست کا چہرہ ہے لیکن آج اس کی حالت ٹھیک دکھائی نہیں دے رہی ہے، گورنر انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری طور پر ڈل کی طرف توجہ دیں اور صفائی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیاجائے۔اس سے قبل صدرِ نیشنل کانفر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں وکشمیر پیس کونسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نفرت، فرقہ پرستی اور تعصب کا گھر بن گیا ہے اور موجود وزیر اعظم ہند مودی محض اقتدار کی خاطر وطن کو بانٹنے میں لگے ہوئے ہیں۔ پیس کونسل کے چیئرمین فیاض احمد بٹ اور خورشید احمد ملک نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو یقین دلایا کہ وہ نیشنل کانفرنس تمام اُمیدواروں کو لوک سبھا الیکشن اور ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھر پور تعاون دیں گے۔