سرینگر/جنوبی ضلع شوپیان میں سنیچر کو فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن کے دوران کم سے کم دس مظاہرین زخمی ہوگئے۔
یہ مظاہرے شوپیان قصبے اور گاہند نامی گائوں میں ہوئیں جہاں آج صبح فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت شاہجہان میرساکنہ امشی پورہ شوپیان اور عابد حسین ساکنہ راولپورہ شوپیان کے طور کی۔
ذرائع نے کہا کہ معرکہ آرائی کے فوراً بعد مظاہرین نے سڑکوں پر آکر فورسز کو سنگباری کا نشانہ بنایا۔
فورسز نے جوابی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ فائر کئے۔
اسپتالی ذرائع کے مطابق دس افراد ان جھڑپوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل آج صبح پولیس نے کہا کہ ضلع شوپیان کے گاہند گائوںمیں جنگجوئوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور دیگر فورسزنے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق خود کوفورسز کے گھیرے میں پا کرجنگجوئوں نے اندھا دھند گولیاں برساکر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم فورسز نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع نہیں دیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین مسلح جھڑپ شروع ہوئی ۔
پولیس نے کہا کہ مختصرمعرکہ میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے۔