بھدرواہ //قائد حزب اختلاف و کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جنگی ماحول پید اکرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے انتخابی فائدے کیلئے ملک بھر میں بداعتمادی اور خوف کا ماحول پید اکیاہے ۔انہوںنے کہاکہ مودی افسپا اور کشمیری پنڈتوں کے معاملے پر سیاست کررہے ہیں ۔بھدرواہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آزاد نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے 2014 میں نوجوانوں، کسانوںاور سماج کے دبے کچلے طبقوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر کوئی بات ہی نہیں کی جارہی اور انہوںنے ملک میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے خوف کا ماحول پید اکررکھاہے ۔انہوںنے کہاکہ مودی نے گزشتہ انتخابات کے دوران یہ وعدہ کیاتھاکہ دس کروڑ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور کسانوں کی آمدن میں پچاس فیصد اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ کالے دھن کو واپس لایاجائے گاجبکہ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کے تحت ہر ایک کے اکائونٹ میں 15لاکھ روپے جمع ہوں گے تاہم یہ سبھی وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ کسان لگاتار خود کشی کررہے ہیں اور حکومت انہیں دیگر مسائل میں الجھانے کی کوشش کررہی ہے ۔آزاد کاکہناتھاکہ بی جے پی فرقہ واریت اور تفریق پسندی کا سہارا لیکر انتخابی فائدہ حاصل کرناچاہتی ہے اور لوگوں کے مجموعی مفادات کو نظر انداز کردیاگیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ کانگریس نے ملک کی آزادی میں اہم رول اد اکیا اور اس کے بعد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے اسے عالمی سطح کی چند بڑی طاقتوں کی صفوں میں کھڑا کیا اورآج اسی پارٹی سے حب الوطنی کاپوچھاجارہاہے ۔ انہوںنے وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹاقرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ لوگوں کو دھوکہ بازی اور فرضی وعدوں سے بیوقوف بنارہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ بی جے پی اور اس کے لیڈران نے بدترین کرپشن کی اورجب بھی کسی معاملے کی تحقیقات شروع ہوئی تو بدقسمتی سے نریندر مودی نے کبھی راجیہ سبھا یا لوک سبھا میں کسی سوال کا جواب نہیں دیا ۔آزاد کاکہناتھا’’ میں نے کبھی پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی ہمارے لیڈران بغیر دعوت کے کبھی پاکستان گئے لیکن مودی نے یوم پیدائش کی پارٹی میں شمولیت کی اور اب پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ان کی حمایت کررہے ہیں ، لیکن میں حیران ہوں کہ مودی لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ کانگریس پاکستان دوست ہے ‘‘۔انہوںنے کہاکہ مودی نے ملی ٹینسی بڑھاکر کشمیر کو تباہ کردیا اور ان کے دور میں سب سے زیادہ سیکورٹی فورسز اہلکار مارے گئے ۔انہوںنے خطہ چناب کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ کی حمایت کریں اورانہیں بھاری تعداد میں ووٹ دیں ۔ آزاد نے کہاکہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو بارہویں تک مفت تعلیم اور طبی خدمات فراہم کی جائیں گی اور ڈیزل و پیٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں گی ۔ان کاکہناتھا’’کانگریس مساوی ترقی کیلئے وعدہ بند ہے اور مودی اپنی ناکامیوں پر بولنے کے بجائے افسپا اور کشمیری پنڈتوں کے معاملے پر کانگریس کو نشانہ بنارہے ہیں ‘‘۔