جماعت اسلامی کو اپنے خیالات کی ترویج کا پورا حق
اننت ناگ// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی اپنے آبائی وطن جنوبی کشمیر میں پارٹی کے انتخابی جلسوں میں لوگوں کی کم شرکت سے مایوس ہیں۔ بجبہاڑہ میں پیر کے روز انتخابی جلسے میں لوگوں کی کم شرکت کو دیکھ کرمحبوبہ مفتی نے کہا کہ شمالی کشمیر میں بڑی تعداد میں لوگ انتخابی جلسوں میں شرکت کرتے ہیں، گذشتہ روز ہی وسطی ضلع بڈگام کے چاڑورہ علاقے میں ایک انتخابی جلسے میں دس ہزار لوگوں نے برستی بارش کے باوجود شرکت کی اور بعد ازاں خانصاحب علاقے میں بھی قریب پانچ ہزار لوگ جلسے میں جمع ہوئے لیکن میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ یہاں قبرستان جیسی خاموشی کیوں طاری ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جلسے میں نوجوان موجود نہیں ہیں بلکہ یہاں صرف بزرگ نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی ہر محاذ پر ناکام ہو چکے ہیں اور انکی توجہ صرف ووٹ کی سیاست پر لگی ہے۔ بجبہاڑہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا ’’مودی نے بالا کوٹ کاڈرامہ رچایا اور ایسا موحول بنانے کوشش کی جارہی ہے تاکہ لوگوںکو گمراہ کیا جائے اور ایسا لگتا ہے کہ اپنی شکست کو بچانے کے لئے مودی بالا کوٹ جیسا فرضی حملہ پھر سے کر واسکتا ہے‘‘ ۔محبوبہ نے کہا کہ بہت سارے افراد کے ذہن میں اس طرح کے خیالات ہیں کہ پلوامہ حملہ سازش کے تحت کیا گیا لہٰذا اس حملہ کی تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ سچ اور جھوٹ سامنے آجائے ۔انہوں نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے بیان پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’ جمہوری نظام میں سماجی،سیاسی اور مذہبی جماعت، جماعت اسلامی کو ہر ایک حق بنتا ہے کہ وہ اپنے خیالات کا پرچار کر کے بنا کسی رکاوٹ کے کام کرے‘‘۔محبوبہ نے کہا’’ بحثیت وزیر اعلیٰ مجھ پر شدید دبائو تھا کہ جماعت اسلامی پر پابندی عائد کی جائے، لیکن میں نے انکار کردیا جس کے باعث بھاجپا مخلوط سرکار سے بھاگ گئی‘‘۔محبوبہ مفتی نے کہا ’’میں یہ بار بار کہتی ہوں کہ دفعہ 370 کو ختم کرو گے تو جموں کشمیر کا آپ سے رشتہ ختم ہوگا پھر جموں کشمیر کے نوجوانوں کو ہاتھ میں پتھر اٹھانے کی ضرورت پڑے گی نہ ہاتھ میں بندوق اٹھانے کی ضرورت پڑے گی بلکہ ہر جوان، ہر انسان اور ہر بزرگ آپ سے آزاد ہوگا‘‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ آج بی جے پی کشمیر پر سختی کرنے اور پاکستان پر حملہ کرنے کی بنیادوں پر لوگوں سے ووٹ مانگتی ہے اور کانگریس نے بھی کچھ کم نہیں کیا ۔سال 2014 میں انتخابات سے قبل افضل گورو کو پھانسی، جس پر سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دستخط کئے، دے کرلوگوں سے ووٹ مانگے ۔(مشمولات یو این آئی)
قافلے پر پتھرائو
ایس ایس جی اہلکار زخمی
عارف بلوچ
اننت ناگ// بجبہاڑہ علاقے میں پیر کے روز پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے قافلے پر پتھرائو کیا گیا۔جس کے نتیجے میں ایک ایس ایس جی اہلکار زخمی ہوا۔محبوبہ مفتی پیر کے روز اننت ناگ کے کھرم میں واقع زیارت شریف پر حاضری دینے کے بعد بجبہاڑہ، جہاں انہیں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرنا تھا، کی طرف جارہی تھیں تو سرہامہ پہنچتے ہی ان کے کارواں پر پتھرائو کیا گیا۔محبوبہ مفتی کو کوئی گزند نہیں پہنچی تاہم کارواں میں شامل ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس کو چلانے والا ایس ایس جی اہلکار زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ محبوبہ مفتی کو بہ صحیح سلامت بجبہاڑہ پہنچایا گیا ۔ بجبہاڑہ میں منعقدہ ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران مفتی نے پتھرائو کے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا 'آپ ناراض ہیں کہ محبوبہ مفتی ہمارے پاس کیوں نہیں آتی تھیں، میں کیسے آتی؟ ابھی ہم کھرم سے آرہے تھے کہ کسی نے پتھر مارا اور ہمارے قافلے میں شامل ایک گاڑی کا ڈرائیو زخمی ہوا، ہم نے کیا خطا کی ہے؟'۔
عمر کی مذمت
سرینگر // نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا 'یہ ایک انتہائی بدقسمت واقعہ ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اور زخمی ایس ایس جی اہلکار کی فوری صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں'۔یاد رہے پی ڈی پی صدر اننت ناگ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے قسمت آزمائی کررہی ہیں۔ وادی کشمیر کا حساس ترین پارلیمانی حلقہ مانے جانے والے اننت ناگ میں تین مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔