پونچھ+اوڑی//سرحدی کشیدگی کے باعث مسلسل دو ہفتوں تک معطل رہنے والی پونچھ راولاکوٹ راہ ملن بس سروس بحال کردی گئی ہے ۔تاہم اوڑی اورمظفر آباد کے درمیان چلنے والی کاروان امن بس سروس اور آر پار تجارت پیر کے روز مسلسل ساتویں ہفتے بھی معطل رہی۔پونچھ سے راولاکوٹ کے لئے روانہ ہونے والی بس سے 13 مسافر چکاندا باغ کے راستے راولاکوٹ گئے جوسبھی پونچھ میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد اپنے وطن واپس لوٹ گئے ۔اس سوموار پونچھ سے کوئی بھی نیا مسافر پاکستانی زیر انتظام کشمیر روانہ نہیں ہوا۔ دوسری طرف سے آنے والی بس کے ذریعہ 6مسافر پونچھ پہنچے جن میں سے پانچ اپنے رشتہ داروں کو ملنے آئے ہیں جبکہ ایک مسافر پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں رشتہ داروں کے قیام کرنے کے بعد وطن واپس لوٹ آیا۔ادھر کمان پوسٹ پر پُل کا مرمتی کام ابھی بھی جاری ہے جس کے پیش نظر سری نگر اور مظفر آباد کے درمیان چلنے والی کاروان امن بس سروس اورطرفین کے درمیان آر پار تجارت کو پیر کے روز لگاتار ساتویں ہفتے بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کاروان امن بس سروس کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کو بس کی معطلی کے بارے میں پہلے ہی مطلع کیا گیا تھا۔ سری نگر اور مظفر آباد کے درمیان آر پار تجارت 8 مارچ سے معطل ہے۔