وارانسی// 2019 کے عام انتخابات میں وارانسی پورے ملک کی نظر اپنی جانب مرکوز کرسکتا ہے اگر کانگریس جنرل سکریٹری و مشرقی اترپردیش سے کانگریس کی انچارج پرینکا گاندھی وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف انتخابی میدان میں اترتی ہیں۔پرینکا کے مود ی کے مقابلے میں وارانسی سے انتخابی میدان میں اترنے کی چہ میگوئیاں کافی تیز ہوگئیں ہیں۔یو پی قانون ساز کونسل کے رکن دیپک سنگھ نے سنیچر کو کہا کہ اگرچہ محترمہ گاندھی نے وزیر اعظم کے خلاف وارانسی سے انتخابی میدان میں اتارنے کا ذہن بنا لیا ہے لیکن اس کا حتمی فیصلہ کانگریس صدرراہل گاندھی اور یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی کو کرنا ہے ۔انہوں نے کہا‘‘ پرینکا ایک ‘آئرن لیڈی’ ہیں اور کافی حد تک اپنی دادی اندرا گاندھی سے مماثلت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مودی کے خلاف انتخاب لڑنے اور ووٹروں کو یہ پیغام دینے کا ذہن بنا لیا ہے کہ تبدیلی کا وقت آگیا ہے ۔ وہ مودی کا پردہ فاش کرکے سب کے سامنے یہ حقیقت آشکارہ کر یں گی کہ کس طرح وزیر اعظم ناصرف وارانسی بلکہ پورے ملک کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ نیز وہ مودی کو شکست دینے میں کامیاب رہیں گی۔اس سے قبل پرینکا نے بذات خود ایک ‘بڑی لڑائی’ کا اشارہ دیا تھا۔ پریاگ سے وارانسی تک گنگا یاترا کے دوران محترمہ واڈرا نے مودی پرپے در پے حملے کئے تھے اور غریب عوام کے لئے کچھ نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہاں سے الیکشن لڑنے کا بھی عندیہ دیا تھا۔ بھائی راہل نے بھی ان کے اس خواہش کو حمایت کی تھی اور اس کے امکانا ت کو خارج نہیں کیا تھا۔مسٹر گاندھی نے یہ کہتے ہوئے امکانات کے سبھی دروازے کھول دئے تھے کہ نہ تو وہ اس سے انکار کررہے ہیں اور نہ ہی اس کا اقرار کر رہے ہیں۔ وارانسی میں ساتویں اور آخری مرحلے کے تحت 19 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔وہیں وزیر اعظم 26 اپریل کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔وارانسی سیٹ کے لئے پرچہ نامزدگی کا آغاز 22 اپریل سے ہوگا۔وارانسی سے مسٹر مودی کے علاوہ کسی بھی بڑی پارٹی نے ابھی تک اپنا امیدوار اعلان نہیں کیا ہے ۔یہاں تک کہ بھیم آرمی چیف چند شیکھر عرف راون نے پہلے یہاں سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب انتخابی میدان میں نہ اترنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے مزید کہا کہ مسٹر مودی کو انہیں کے حلقے میں گھیرنے کے مقصد کے تحت کانگریس سروے ٹیم وارانسی میں مسلسل کیمپ کرر ہی ہے جلد ہی انتخابی حکمت عملی ترتیب د جائے گی۔علاوہ ازیں مسٹر واڈرہ نے ایک ہزار نوجوان پر مبنی ایک ٹیم تشکیل دینے کو کہا ہے جو امیٹھی اور رائے بریلی میں 06 مئی کو ووٹنگ کے بعد وارانسی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔یواین آئی۔