کشتواڑ //فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر لفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے وائٹ نائٹ کارپس کمانڈر لفٹننٹ جنرل پرمجیت سنگھ کے ہمراہ کشتواڑ کادورہ کرکے حالیہ جنگجویانہ واقعات کے بعد پیدا ہوئی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ۔اپنے دورے کے دوران فوجی کمانڈر نے زمینی سطح کے افسران سے تبادلہ خیال کیا اور موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ساتھ ہی انہوںنے آپریشنل تیاریوں پر بھی آگاہی حاصل کی ۔انہیں بتایاگیاکہ حالیہ لوک سبھا چنائو کے دوران امن برقرار رکھنے میں کامیاب رول ادا کیاگیاہے اور ملک دشمن عناصر کی کوششوں کو فوج نے ناکام بنادیا۔جنرل رنبیر نے پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران سے بھی تبادلہ خیال کیا اور ان کی خطے میں ملی ٹینسی مخالف کارروائیوں پر ستائش کی ۔انہوںنے پولیس ، فوج اور انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ ہلاکتوں کے بعد ضلع میں پیدا ہوئی صورتحال سے موثر طریقہ سے نمٹاگیا۔انہوںنے اس دوران ذمہ دار شہریوں، مذہبی رہنمائوں اور کشتواڑ کے لوگوں کی بھی امن و امان و بھائی چارہ بنائے رکھنے پر ستائش کی ۔دورے کے دوران فوجی کمانڈر نے اہلکاروں سے بھی بات چیت کی اور محنت و ذمہ داری اور پیشہ وارانہ طریقہ سے فرائض انجام دینے پر ان کو سراہا ۔انہوںنے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خطے میں امن و امان اور بھائی چارے کو بہر صورت برقرار رکھاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر طرح سے تیار رہاجائے ۔انہوںنے ہر ایک رینک کے افسران و اہلکاروں پر زور دیاکہ وہ امن و ملک دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور ان کی کوششوںکو ناکام بنایاجائے ۔