سرینگر/ سوموار کو ضلع ڈوڈہ میں درجن بھر رہائشی مکان ایک بھاری زمینی تودے کے نیچے دب گئے تاہم حکام نے یہاں قبل از وقت ہی لوگوں کو نکالا تھا جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ واقعہ ضلع ڈوڈہ کے باتھری علاقے کے ڈوگرن گائوں میں آج صبح پیش آیا جو ضلع صدر مقام سے60کلو میٹر دور ہے۔
ایس پی بھدرواہ راج سنگھ گوریہ کے مطابق زمینی تودہ بھاری برکم پتھر وں کے ساتھ گر آیا تھا جس نے کم و بیش12رہائشی مکانات کو اپنی زد میں لایا۔
اس حادثے کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق سات رہائشی مکانات پوری طرح تباہ ہوگئے جبکہ پانچ کو جزوی نقصان پہنچا۔
خطہ چناب ریاست جموں کشمیر کا ایسا حصہ ہے جہاں اس کے جغرافیائی محل وقوع کی بنا پر قدرتی آفات اکثر آتی رہتی ہیں۔