ٹنگمرگ //گنڈولہ ٹکٹوںکی آن لائن بُکنگ اورگلمرگ بازار میں اس کیلئے کائونٹر چالو کرنے کے خلاف ٹورسٹ گائیڈ ایسوسی ایشن گلمرگ نے ٹنگمرگ گلمرگ سڑک پر سنیچر کی صبح کو دھرنا دیکر صدائے احتجاج بلند کیا۔انہوں نے مانگ کی کہ گنڈولہ ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ کا سلسلہ فوری طوربند کیا جائے کیونکہ اس طرح گلمرگ میں سیاحوں کے ساتھ کام کرنے والے کم وبیش 1200 کے قریب ٹورسٹ گائیڈ بے روزگار ہورہے ہیں ۔احتجاجی دھرنے میں ٹنگمرگ ٹریڈرس ایسوسی ایشن، گلمرگ ٹریڈرس فیڈریشن، مزدور یونین گلمرگ اور ٹنگمرگ ٹرانسپورٹ یونین نے شرکت کی۔انہوں نے گورنر انتظامیہ اور منیجنگ ڈائریکٹر گنڈولہ پروجیکٹ سے آن لائن کائونٹر فوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ احتجاج کی وجہ سے صبح 8سے 9 بجے تک ٹنگمرگ بازار مکمل طور بند رہا جبکہ گاڑیوں کی آمدورفت بھی مسدود رہی۔اس دوران ایس ڈی ایم گلمرگ اور ایس ڈی پی او ٹنگمرگ نے ایس ایچ او ٹنگمرگ کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ کر احتجاجی ٹورسٹ گایڈوں کو یقین دلایا کہ ان کا معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا۔ایس ڈی ایم گلمرگ شبیر الحسن نے یکم مئی کو اس سلسلے میں ایم ڈی گنڈولہ کے ساتھ میٹنگ طلب کی جس پر احتجاجی ٹورسٹ گایڈوں نے احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا ۔دریں اثناء ٹورسٹ گائیڈ ایسوسی ایشن کے صدر طارق احمد آوان نے اس موقعہ پر بتایا کہ جب سے گنڈولہ ٹکٹیں آن لائن کردی گئی ہیں تب سے 12 سو کے قریب ٹورسٹ گائیڈ بے روزگار ہوچکے ہیں ۔انہوںنے بتایا کہ اگر کوئی حل تلاش نہیں کیا گیا تو وہ اپنی روزی ر وٹی بچانے کی خاطر احتجاج میں شدت لائیں گے۔ادھر سابق وزیر غلام حسن میر اور پی ڈی پی کے عبدالقیوم وانی اورشبیر احمد میر نے بھی آن لائن ٹکٹوں کا سلسلہ فوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔