کشتواڑ //خطہ چناب کے ضلع کشتواڑ میں مقامی لوگوں نے آر ایس ایس اور بھاجپا لیڈران کی ہلاکتوں میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے میں انتظامیہ کی مبینہ طو رپر ہوئی ناکامی کو لے کر احتجاج کر تے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ کے دفتر پر پتھرائو کیا جبکہ مظاہرین نے ریاستی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کا پتلا بھی نذر آتش کیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھاجپااور آر ایس ایس لیڈراںکی ہلاکتوں میں ملوث افراد کی گرفتاری میں مبینہ طور پر ہو ئی ناکامی کو لے کر سناتھن دھرم نے کشتواڑ میں یک روزہ ہڑتال کال دی ہوئی تھی۔ سناتھن دھرم کی طرف سے دی گئی کال کے پیش نظر ہڑتال اور حکام کی طرف سے نافذ دفعہ 144 کے بیچ ہفتہ کے روز لوگوںنے کلید چوک سے منی سکریٹریٹ کی طرف مارچ کیا۔مظاہرین نے انتظامیہ اور گورنر مخالف نعروں کے بیچ منی سکریٹریٹ پر پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں اس کی کھڑکیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے اور دروازوں کو بھی نقصان پہنچا ۔دریں اثنا ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ پولیس، سی آر پی ایف اور آئی ٹی بی پی کی نفری جائے موقعہ پر پہنچی اور انہوں نے مظاہرین کو منتشر کیا۔قابل ذکر ہے کہ کشتواڑ میں 9 اپریل کو دن دھاڑے بندوق براداروں نے ہسپتال میں گھس کر آر ایس ایس کے لیڈر چندر کانت سنگھ اور اُن کے ذاتی محافظ پر گولیاں بر سائی تھیں جس کے نتیجے میں ذاتی محافظ برسر موقع ہی ہلاک ہوا تھا اور چندر کانت بعد ازاں دم توڑ بیٹھے تھے ۔اس سے قبل اسی قصبہ میں یکم نومبر 2018 ء کو نا معلوم بندوق برداروں نے بی جے پی کے ریاستی سکریٹری انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔