سرینگر/اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے تین مرحلوں پر مبنی اِنتخابات کے دوسرے مرحلے کے الیکشن میں سوموار کولگا م ضلع میں صبح 11بجے تک مجموعی طور پر3.80فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔
مذکورہ ضلع میں آج 3.45 لاکھ سے زائد رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں جس کیلئے ووٹنگ کا باضابطہ آغاز آج صبح سات بجے ہوگیا اور جس کا سلسلہ شام چار بجے تک جاری رہے گا۔
کولگام ضلع چار اسمبلی حلقوں نور آباد، کولگام ، ہوم شالی بگ اور دیو سر پر مبنی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ضلع کے نور آباد اور دیوسر حلقوں کے برعکس ہوم شالی بگ اور کولگام حلقوں میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم تھی۔
دریں اثناء پورے ضلع میں علیحدگی پسندوں کی اپیل پر مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ حکام نے ''امن و قانون کی صورتحال بنائے رکھنے کیلئے'' ٹرین سروس اور موبال انٹرنیٹ سروس معطل کر رکھی ہے۔