گریڈیہہ//وزیراعظم نریندرمودی نے ایک بار پھر قومیت کا مسئلہ اٹھایا اورلوگوں کو یقین دلایا کہ پاکستان کے دہشت گرد وں یا ملک کے اندر غداران وطن ‘ ‘ چوکیدارکسی کو نہیں چھوڑے گا۔بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کے سینئر لیڈر مسٹر مودی نے یہاں جموا میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) امیدواروں کے حق میں منعقدانتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایئر اسٹرائیک اور سرجیکل اسٹرائیک کے بعد جہاں کہیں بھی خطرہ ہوگا ہندوستان گھس کر مارے گا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے دہشت گرد وں یا ملک کے غدار وطن آپ کا یہ چوکیدار کسی کو نہیں چھوڑے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کانگریس نے اس بار اس کی یا اس کی مدد سے بننے والی کسی بھی حکومت میں غدار وطن قانون کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ کانگریس کے اس وعدہ سے نکسلیوں کو مدد کرنے والے لوگوں کے خلاف کاروائی کرنے میں کا مشکلات پیش آئیں گی ۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس نے یہ اعلان کرکے اپنا کردار اجاگر کر دیا ہے ۔مسٹر مودی نے کانگریس اور مہا گٹھ بندھن کی حلیف جماعتوں پر حملہ کرتے ہوئے کہاکہ بغیر لوٹ ۔ کھسوٹ کے ایمانداری اور صاف نیت سے انہوںنے حکومت چلائی جس سے ملک ترقی کر رہاہے ۔ ایسا اس لئے ممکن ہو سکا کیونکہ پورا ملک چوکیدار کے ساتھ کھڑا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مہا ملاوٹی اس بار مرکز میں حکومت بنانا چاہتے ہیں۔ یہ ویسے لوگ ہیں جو کروڑوں کے وارے نیارے کر چکے ہیں اور ان کا عزم صرف ان کے کنبہ کے لئے ہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اپوزیشن نہیں چاہتا کہ مضبوط اور مکمل اکثریت والی حکومت بنے ۔بی جے پی لیڈر نے کہاکہ یہ وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت تھی جس نے کوڈرما ۔ رانچی ریلوے لائن منصوبہ کومنظور دی تھی لیکن اس کے بعد مرکز کی متحدہ ترقی پسند اتحاد ( یو پی اے ) حکومت میں دس سال تک اس منصوبہ کاکام زیر التوا رہا ۔
انہوں نے کہاکہ سال 2014 میں عوام نے مرکز میں بی جے پی کی حکومت بنائی اور کوڈرما ۔ ہزاری باغ ۔ برکاکانہ ۔ سدھوار ریل سیکشن کاکام پورا کرلیا گیا اور آئند ہ ایک ڈیڑھ سال میں اس ریل سیکشن کو رانچی سے جوڑ دیاجائے گا۔مسٹر مودی نے کہاکہ حکومت صرف ریل سیکشنوں کی تعمیر نہیں کر رہی ہے بلکہ وہ ان پٹریوں پر ٹرینوں کی رفتار بڑھانے کی سمت میں بھی تیزی سے کام کر رہی ہے اور اس کے لئے مشرقی کاریڈور کی تعمیر کرائی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اب یہاںکے لوگ محض کچھ گھنٹوں میں ہی کوڈرما سے گریڈیہہ اور دیو گھر پہنچ سکتے ہیں جبکہ پہلے اس روٹ پر سفر کرنے میں کافی وقت لگتا تھا۔وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں دیگر پسماندہ طبقہ ( او بی سی ) کمیشن کو آئینی درجہ دیئے جانے کا مطالبہ کافی عرصے سے ہوتارہا ہے لیکن اپوزیشن اس کی راہ میں ہمیشہ روڑا اٹکاتا رہا جبکہ ان کی حکومت نے تمام بندشوں کو توڑ کر اس کمیشن کو آئینی درجہ عطا کیا ہے ۔انہوںنے کانگریس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعت کبھی بھی کسی کیلئے وفادار نہیں رہی ۔ جو حلقے ان کے لئے ووٹ بینک نہیں بن سکے ان علاقوں کی ترقی ہی نہیں کی اور ایسا ہی کچھ جھارکھنڈ کے غریب قبائیلیوں کے ساتھ بھی ہوا ہے ۔مسٹر مودی نے کہاکہ ان کی حکومت نے کوڈرما اور چائباسا میں میڈیکل کالج ، دیوگھر میں آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنس ( اے آئی آئی ایم ایس )گریڈیہہ میں ماڈل کالج کی تعمیرکے ساتھ ہی دور دراز دیہی علاقوں میں ہیلتھ اور ویلنیس سینٹر کی تعمیرکرائی ہے ۔یو این آئی