سرینگر//جنوبی کشمیر کی نشست پر دوسرے مرحلے میں پیر کو انتخابات کے دوران مجموعی طور پر10.32فیصد کی شرح سے ووٹ ڈالے گئے،تاہم چیف الیکٹورل افسر شیلندر کمار نے آئندہ رائونڈ کو انتہائی حساس قرار دیا۔ جنوبی کشمیر میں انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں پیر کو ضلع کولگام میں ہڑتال کے بیچ رائے دہندگان نے18امیدواروں کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ کیا۔ دن بھر ہوئی ووٹنگ کے بعد ریاست کے چیف الیکٹورل آفسر نے بتایا کہ ضلع میں مجموعی طور پر10.32فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کولگام میں35ہزار524رائے دہندگان نے ووٹ ڈالے، سب سے زیادہ نور آباد حلقہ انتخاب میں ڈالے گئے،جن کی شرح20.58فیصد رہی۔اعدادو شمار ظاہر کرتے ہوئے شیلندر کمار نے بتایا کہ ضلع میں سب سے کم ووٹ ہوم شالی بگ حلقہ انتخاب میں پڑے جن کی شرح1.14فیصدرہی،جبکہ کولگام اسمبلی حلقہ انتخاب میں1.72فیصد اور دیوسر حلقہ اسمبلی انتخاب میں16.84فیصد کی شرح سے ووٹ ڈالے گئے۔ چیف الیکٹورل آفسر نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کی نشست کے2اضلاع میں اب تک مجموعی طور پر10.32فیصد کی شرح سے ووٹ ڈالے گئے،جبکہ اننت ناگ میں پہلے رائونڈ کے دوران ووٹنگ کی شرح13.63فیصد رہی۔ انہوں نے اب تک ہوئے پارلیمانی انتخابی عمل میں ریاست کی ووٹنگ شرح47.6فیصد قرار دی۔ چیف الیکٹورل افسر نے مجموعی طور پر ووٹنگ عمل کو خوشگوار قرار دیتے ہوئے تاہم کہا کہ آئندہ عمل حساس ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اننت ناگ میں ووٹنگ کے بعد کولگام میں سیکورٹی صورتحال کو بہتر کیا گیا تھا،اور آخری مرحلے پر پلوامہ اور شوپیاں میں اس کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس سے قبل صبح10بجے ضلع میں ووٹنگ کی شرح2.8فیصد ریکارڈ کی گئی،جبکہ دن کے12بجے تک یہ شرح5.7فیصد تک پہنچ گئی اور2بجے ووٹنگ کی شرح7.5فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ضلع میں دن کے3بجے تک 8.5فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی اور مجموعی شرح10.50فیصد رہی۔ انتخابی دوڑ میں2خواتین اور ایک غیر ریاستی امیدوار سمیت18امیدوار میدان میں ہیں جن میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی،کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر، نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی ، بی جے پی کے صوفی یوسف ،ینتھرس پارٹی کے نثار احمد وانی ، پیپلز کانفرنس کے چودھری ظفر علی ،مانو ادھیکار پارٹی کے سنجے کمار دھر ، پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے سریندر سنگھ اور آزاد اْمیدوار امتیاز احمد راتھر، رضوانہ صنم، ریاض احمد بٹ ، زبیر مسعودی ، شمس خواجہ ، علی محمد وانی ، غلام محمد وانی قیصر احمد شیخ ، منظور احمد خان اور مرزا سجاد حسین بیگ بھی شامل ہیں۔ جنوبی کشمیر کی نشست4اضلاع پر مشتمل ہے،جس میں آخری مرحلے میں6مئی کو ضلع پلوامہ اور شوپیاں میں ووٹ ڈالے جائے گے۔