جموں/یوگیش سگوترہ /دہلی میں کشمیری پنڈت مہاجرین کے لئے بنائے گئے خصوصی پولنگ بوتھ پر کولگام کے فقط 2ہی ووٹر درج تھے اور دونوں نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا، اس طرح پارلیمانی انتخابات کے اس مرحلہ میں یہ ملک بھر کا پہلا پولنگ سٹیشن بن گیا جہاں 100%پولنگ درج کی گئی ہے ۔ دریں اثنا حلقہ انتخاب اننت ناگ کے دوسرے مرحلہ کے لئے جموں، دہلی، اور ادہم پور میں مائیگرنٹوں کے لئے بنائے گئے خصوصی پولنگ بوتھوں میں مجموعی طور پر 66.71فیصد ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع کولگام کے چار اسمبلی حلقہ جات کولگام، نور ااباد، ہوم شالی بگ اور دیو سر کے کل 2870ووٹروں نے ایم فارم کے توسط سے رجسٹریشن کروائی تھی جن میں سے 1818ووٹروں نے دہلی، جموں اور ادہم پور میں قائم کئے گئے 22خصوصی پولنگ بوتھوں کا رخ کیا۔اے آر او مائیگرنٹ دہلی ڈگوجے گپتا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں کشمیر ہائوس میں بنائے گئے پولنگ بوتھ کیلئے کل 2ووٹر رجسٹر تھے اور ان دونوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اس طرح یہاں کا پولنگ فیصد ،صد فیصد رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے مرد ووٹر کا تعلق کولگام جب کہ خاتون ووٹر کا تعلق دیو سر اسمبلی حلقہ سے تھا ۔ اے آر او مائیگرنٹ جموں پنکیج آنند نے بتایا کہ جموں میں قائم 21پولنگ سٹیشنوں پر رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد2779تھی ان میں سے 1818نے ووٹ ڈالے جن میں سے 939مرد اور 845خواتین تھیں ، اس طرح یہاں شرح پولنگ 64.80فیصد رہی۔ ادہم پور میں بنائے گئے واحد پولنگ بوتھ میں کل89ووٹر رجسٹر تھے۔ اے آر او مائیگرنٹ ادہم پور انیرودھ رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان میں سے 32ووٹروں نے ہی پولنگ بوتھ کا رخ کیا ، اس طرح پولنگ شرح 35.95فیصد درج کی گئی۔