سرینگر// اننت ناگ پارلیمانی نشست کے دوسر ے مرحلے کی پولنگ کے پیش نظر ضلع کولگام کے ساتھ ساتھ پورے جنوبی کشمیر میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات مکمل طور پر معطل رکھی گئیں تاہم جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں سست رفتار والی ٹو جی موبائیل انٹرنیٹ خدمات کو چالو رکھا گیا ۔ادھر بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات پیر کو معطل رکھی گئیں۔ اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے تین مرحلوں پر مبنی اِنتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت کولگام میں ہونے والی ووٹنگ کے پیش نظر پورے جنوبی کشمیر میں دوران شب ہی موبائیل انٹرنیٹ خدمات مکمل طور پر منقطع رکھی گئیں جبکہ جنوبی کشمیر کے کچھ مقامات پرٹو جی خدمات کو بحال رکھا گیا تھا۔انٹر نیٹ سروس بند رکھنے کے نتیجے میں کولگام میں پیشہ وارانہ زمہ داری انجام دینے والے صحا فیوں کے ساتھ ساتھ سماج کے مختلف طبقوں اور تجارتی اداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔ انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے باعث صارفین خاص طور پر صحا فیوں، طلباء، سیاحوں ، پیشہ ور افراد خاص طور پر تاجروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انٹر نیٹ خدمات کی معطلی سے تقریباً تمام انٹرنیٹ صارفین میں زبردست غم وغصہ ہے۔ ادھرحکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام انتخابات کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے افواہ بازی سے بچنے کیلئے احتیاط کے بطور اٹھایا گیا۔ ادھر بارہمولہ اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات پیر کو معطل رکھی گئیں۔محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ خدمات سیکورٹی وجوہات کی بناء پر ایک دن کے لئے معطل رکھی گئی ہیں۔