جموں//گورنر ستیہ پال ملک کی صدارت میں راج بھون میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران دریائے جہلم میں سیلاب سے بچائو کے کاموں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مختلف محکموں کی طرف سے اختیار کئے جانے والے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔گورنر نے اس موقعہ پر مختلف محکموں بشمول آبپاشی و فلڈ کنڑول ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امدا دباز آباد کاری و تعمیر نومحکمہ ، ڈویژنل و صوبائی انتظامیہ ، پولیس ، فوج ، سی آر پی ایف اور رضاکار انہ تنظیموں کے مابین باہمی تال میل کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سیلاب جیسی ناگہانی آفات سے مؤثر طریقے پر نمٹا جاسکے ۔اس موقعہ پر ہدایت دی گئی کہ ڈویژنل اور ضلع انتظامیہ ایک جامع منصوبے کی صورت میں ایک لائحہ عمل کو بروئے کار لانے کو یقینی بنائے گی تاکہ ضرورت پڑنے پر لوگوں کی سہولیت کے لئے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جاسکے ۔صوبائی کمشنر کشمیر نے 2014ء کے سیلاب کے بعد صوبائی اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئے جارہے اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر نے دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں کے کناروں کا آڈِٹ ہاتھ میں لیا گیا ہے اور مزید کارروائی کے لئے کئی حساس مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ان مقامات کو مضبوطی بخشنے کے لئے ریت سے بھرے 6لاکھ تھیلے آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کے پاس دستیاب رکھے گئے ہیں ۔
کمشنر سیکریٹری پی ایچ ای نے اس موقعہ پر دریائے جہلم میں تیاریوں کے تعلق سے قلیل او رطویل مدتی اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ قلیل مدتی اقدامات کے پہلے مرحلے کے تحت دریائے جہلم میں فلڈ منیجمنٹ کے کاموں پر لگ بھگ چار ارب روپے صرف کئے جارہے ہیں اور یہ کام تکمیل کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں ۔دوسرے مرحلے کے تحت محکمہ نے 5411.54کروڑ روپے کا ایک ڈی پی آر سینٹر ل واٹر کمیشن کو بھیج دیا ہے جس کی بدولت 115000کیوسک اضافی پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ اس موقعہ پر بتایاگیا کہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ نے 3320 کمزور مقامات کو مکمل طور سے بحال کیا ہے ۔سیکریٹری ڈی ایم آر آر اینڈ آر نے ہمہامہ سری نگر میں سٹیٹ ایمرجنسی اوپریشن سینٹر کو چالو کرنے کے لئے اقدامات کی جانکاری دی۔اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سات ایس ڈی آر ایف ، دو این ڈی آر ایف ، 100ہوم گارڈس ٹیمیں اور سینکڑوں کی تعداد میں تربیت یافتہ رضاکار بچائوکارروائیوں کے لئے دستیاب ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ماک ڈرل کا انعقاد کر کے لوگوں میں ناگہانی آفات کے تعلق سے بیداری پید ا کریں۔ متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ شہر کے سیلاب خطرات والے علاقوں کے لئے بچائو اور ریلیف منصوبہ مرتب کرتے وقت سری نگر کے کنٹرو ر نقشے پر توجہ مرکوز کریں۔ متعلقہ محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں کو موسم سے متعلق پیشگی جانکاری دستیاب کرائیں ۔ چیف سیکرٹری نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ایک فعال منصوبہ تیار کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر اسے آسانی کے ساتھ عملایا جاسکے ۔اُنہوںنے کہا کہ افسروں اور اہلکاروں کے رول کو واضع کیاجانا چاہیے تاکہ ریلیف اور بچائو کارروائیاں عملاتے وقت کوئی تضاد پیدا نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ ان افسروں اور اہلکاروں کا ڈیوٹی چارٹ تیار کیا جانا چاہیے اور اسے 15؍ مئی 2019ء تک عام کیا جانا چاہیے ۔چیف سیکریٹری نے ناگہانی آفات سے متاثرہ کنبوں کی سہولیت کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایسے شلٹر دستیاب کرانے پر زور دیا جہاں ہر طرح کی سہولیات دستیاب ہوسکیں ۔
گورنر کا ٹویٹر اکائونٹ ہیک اور بحال
نیوز ڈیسک
جموں// ریاستی گورنر ستہ پال ملک کے ٹویٹر ہینڈل کو ہیک کیا گیا۔سرکاری بیان کے مطابق چند شر پسند عناصر نے ٹویٹر ہینڈل اکاونٹ ہیک کرکے اُنہیں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے ٹویٹر ہینڈل کے فالوور کے طور دکھایا جس کے فوراً بعد مذکورہ اکائونٹ میں ضروری تصحیح کی گئی اور عمران خان کے ٹویٹر ہینڈل کو اَن فالو کیا گیا ۔ریاستی پولیس نے قانون کے تحت معاملے کی جانچ شروع کی ہے تاکہ اِن شر پسند عناصر کی نشاندہی کی جاسکے۔دریں اثناء سرکاری ذرائع کے مطابق اکائونٹ کو بحال کیا گیا۔