بہرائچ//وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ملک سے ابھی مکمل طور سے ختم نہیں ہوئی ہے ابھی بھی پڑوس میں دہشت گردی کی متعدد نرسریاں چل رہی ہیں۔بہرائچ میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کے پانچ سالہ میعاد کار میں کسی بھی مذہبی مقام پر دہشت گردانہ حملے نہیں ہوئے ہیں۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف سخت رویہ اپنایا ہے ۔انہوں نے اترپردیش کی ایس پی۔ بی ایس پی کی سابقہ حکومتوں پر دہشت گروں کے خلاف کچھ نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں دہشت گردی کے خلاف بالکل بھی سنجیدہ نہیں تھیں۔ اور نہ ہی مستقبل میں یہ کچھ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ دہشت گردوں کے گروپ مودی سے خائف ہیں اور انہوں نے اپنی سرگرمی روک رکھی ہے لیکن اگر کمزور حکومت اقتدار میں آئی تو وہ دوبارہ متحرک ہوجائیں گے ۔انہوں نے کانگریس پر بھی دہشت گردی کے معاملے میں ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ‘‘ اب وہ لوگ(کانگریس) کہہ رہی ہے کہ وہ افسپا کو ختم کردیں گے ۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ دہشت گردوں سے مقابلے کے لئے فوج کو کمزور کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ خطہ بدھشٹ اور رمائن دور سے کافی متاثر رہا ہے ۔ لیکن دہشت گردوں نے ہمیشہ انہیں مقامات پر حملے کئے ہیں جو لوگوں کے عقیدے سے منسلک ہوتے ہیں۔ لہذا لوگوں کو ووٹنگ سے پہلے دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ آیا وہ ایسی مضبوط حکومت چاہتے ہیں جو دہشت گردی کے خلاف سختی سے کاروائی کرے یا ایسی کمزور حکومت چاہتے ہیں جو دہشت گردوں کو ان کی سرگرمیوں کو بروئے کارلانے کا موقع دیتے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ ہمارے میعاد کار کے دوران ہم نے کبھی بھی ملک کی سیکورٹی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہم نے ان کو سرجیکل اسٹرائیک و ائیر اسٹرائیک کے ذریعہ ان کا منھ توڑ جواب دیا۔ لیکن وہ اب بھی سرحد کے پاس گروپ بند ہیں اور دہشت گردی کی نرسری اب بھی چل رہی ہے ۔ آپ تمام کو متحد ہوکر مضبوط حکومت کے لئے ووٹ کرنا چاہئے ۔مسٹر مودی نے ایس پی ۔بی ایس پی اتحاد پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ 23 مئی کو ایک بار پھر ایک دوسرے کے کپڑے پھاڑیں گے ۔یہ اتحاد ایک موقع پرست اتحاد ہے جو اپنی ذاتی مفاد کی وجہ سے کیا گیا ہے ۔ لیکن عوام اسے مسترد کردیں گے ۔ اپنے گذشتہ پانچ سالہ میعاد کار میں کئے گئے کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ غریبوں کے لئے مکان، بیت الخلاء، بینک اکاونٹس، مفت میں ایل پی جی گیس اور بجلی کنکشن وغیر ہ کچھ اہم مفادعامہ کی اسکیمیں ہیں جو ان کی گورنمنٹ کی جانب سے نافذ کی گئیں۔