واشنگٹن //اقوام متحدہ کی 1267 پابندی کمیٹی نے جیش محمد سربراہ مسعود اظہر کو پابندی کی فہرست میں شامل کر دیا۔سلامتی کونسل کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 'سیکورٹی کونسل کی 1267 پابندی کمیٹی نے دہشت گرد تنظیموں داعش، القاعدہ، ان سے منسلک افراد، گروپ اور اداروں سے متعلق قراردادوں 1267 (1999)، 1989 (2011) اور 2253 (2015) کے مطابق مسعود اظہر کا نام پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ۔'پابندی عائد کئے جانے کے بعد مسعود اظہر کے تمام اثاثے منجمد کئے جائیں گے، ان کے سفر پر پابندی ہو گی اور وہ کسی قسم کا اسلحہ بھی حاصل نہیں کر سکیں گے۔واضح رہے کہ امریکا کے مسلسل مطالبے پر چین نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی کمیٹی کی جانب سے مسعود اظہر پر پابندی سے متعلق رکاوٹ سے پیچھے ہٹنے کا عندیہ دیا تھا۔بھارت 2016 سے مسعود اظہر کا نام پابندی کی اس فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا، لیکن اس کے مطالبے نے اس وقت زور پکڑا تھا جب رواں سال 14 فروری کو ضلع پلوامہ میں بھارت کی سینٹرل پولیس ریزرو فورس پر حملے کی ذمہ داری جیش محمد نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔بھارت کی درخواست پر فرانس، امریکا اور برطانیہ نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کی قرارداد پیش کی تھی تاہم 13 مارچ کو بھارت کی درخواست پر چین نے سلامتی کونسل میں مسعود اظہر کے خلاف قرارداد کو ٹیکنکل اعتراضات لگا کر روک دیا تھا، چین کی مخالفت پر امریکا مسعود اظہر کا معاملہ واپس یو این کمیٹی میں لے آیا اور پابندیوں کی یو این کمیٹی کے ایجنڈے میں مسعود اظہر کو آج دہشت گرد قرار دیا جانا شامل تھا۔پاکستان کا اعتراض تھا کہ مسعود اظہر کا پلوامہ وکشمیری جدوجہد سے تعلق جوڑنا غلط ہے، بھارت نے تاحال مسعود اظہر کے پلوامہ حملے میں ملوث ہونے سے متعلق ثبوت نہیں دیئے، جس پر یواین کمیٹی میں پلوامہ حملے اور کشمیری جد وجہدسے مسعود اظہر کا تعلق الگ کیا گیا ہے۔
پابندیوں پر فوری عملدر آمد ہوگا
بھارت کی بنیادی کوشش ناکام : پاکستان
اسلام آباد// پاکستان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے منسلک کرنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی کمیٹی پر سیاست کی مخالفت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور ان کے میڈیا نے پاکستان اور جدوجہد کشمیر کوبدنام کرنیکی کوشش کی حالانکہ وادی میں خالصتاً حق خودارادیت کی تحریک ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگیں خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور اس وقت بھی وادی میں بھارتی زیادتیاں جاری ہیں۔اقوام متحدہ کی کمیٹی اجلاس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کااحترام کیا اور پابندی کے حوالے سے کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی۔اقوام متحدہ میں مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے ہونے والے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مسعوداظہر کیخلاف پلوامہ اور کشمیر سے متعلق اپنا موقف تبدیل کیا ہے اور اب بھارت نے کشمیر سے متعلق الزام واپس لیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت، مسعود اظہر کو پابندیوں کی فہرست میں شامل ہو نے کو اپنی فتح قرار دے رہا ہے جس کے لئے بھارت نے 5 بار پہلے بھی کوشش کی تھی کیونکہ دی گئی معلومات پابندی کمیٹی کی تکنیکی طریقہ کار کے مطابق نہیں تھیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ چین کیساتھ مشاورت کے بعد ہوا ہے اور اس حوالے سے چینی ترجمان وزارت خارجہ نے وضاحت بھی کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اب مسعوداظہر کے اثاثے منجمد، سفری پابندی، اسلحے کی خریدوفروخت پرپابندی ہوگی، پاکستان ان پابندیوں پر فوری طور پر عمل درآمد کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے آج تک کسی نے پابندیوں کااطلاق نہ کرنیکی شکایت نہیں کی کیو نکہ پاکستان، اقوام متحدہ کی تمام پابندیوں پر عمل درآمد کرتا ہے۔
بھارت کی بہت بڑی فتح: وزیر اعظم
نیوز ڈیسک
نئی دہلی // مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے اقوام متحدہ کمیٹی کے فیصلے کو وزیر اعظم نریندر مودی نے بڑی فتح قرار دیا ہے۔وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا’’ دہشت گردی کیخلاف ہماری جنگ میں یہ بہت بڑی فتح ہے‘‘۔اس دوران اقوام متحدہ میں بھارتی مستقل نمائندہ سید اکبرالدین نے ٹویٹ میں کہا’’ ہم ان سبھی ملکوں کے شکر گذار ہیں جنہوں نے بھارت کو حمایت دی، جہ ہاں مسعود اظہر کیخلاف فیصلہ ہوگیا ہے‘‘۔ارون جیٹلی نے کہا’’ اس فیصلے سے ثابت ہوا کہ بھارت محفوظ ہاتھوں میں ہے‘‘۔