سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ اگر دفعہ 370کیساتھ کوئی چھیڑچھاڑ کی گئی تو ریاست اور نئی دہلی کے درمیان رشتوں کو شدید دھچکا لگے گا۔محبوبہ مفتی نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران کہا کہ بھاجپا حکومت کے دوران ریاست کو خصوصی پوزیشن فراہم کرنے والی دفعہ 370کے ساتھ چھیڑ خوانی کا سلسلہ شروع کیا گیاہے جسکے تباہ کن نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کا مارکس کارڈ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ بھاجپا اپنے دور اقتدار کے دوران ہر شعبے میں بری طرح س ناکام ہوگئی ہے۔محبوبہ مفتی نے بتایا 5برسوں کے دوران ہر محاذ پر ناکام ہونے کے بعداب انہوں نے کشمیر مخالف بیانیہ سے کام لیتے ہوئے سادہ لوح عوام کو گمراہ کرنا شروع کردیا ہے۔انہوں نے بی جے پی سے مخاطب ہوکر کہا کہ اگر آپ (بی جے پی) نے خصوصی پوزیشن کو توڑاتو جموں وکشمیر کے عوام اس بات کو سوچنے پر مجبور ہوجائیں گے کہ وہ ہندوستان کیساتھ مستقبل میں رہنا پسند کریں گے یا نہیں؟۔ محبوبہ مفتی نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں گزشتہ 3برسوں سے جو انسانی خون کی ارزانی ہوئی اُسی کے نتیجے میں یہاں پارلیمانی انتخابات میں حق رائے دہی کی شرح انتہائی کم رہی۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی کشمیر میں جاری غیر یقینی صورتحال کے دوران الیکشن بائیکاٹ کا اثر واضح طور پر نمایاں تھا جس دوران یہاں ووٹروں نے پولنگ مراکز سے دوری بنائے رکھی۔ محبوبہ مفتی نے بتایا کہ کم حق رائے دہی کے نتیجے میں کیا سامنے آتا ہے اور کن سیاسی پارٹیوں کو اس سے فائدہ حاصل ہوگا، وہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔