سرینگر/جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں فورسز اور جنگجوئوں کے مابین جو معرکہ آرائی جمعہ کو ہوئی اُس میں جاں بحق تین جنگجوئوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
جاں بحق جنگجوئوں میں لطیف احمد ڈار عرف لطیف ٹائیگر ساکنہ ڈوگری پورہ پلوامہ بھی شامل ہے جو سال 2014سے سرگرم تھا اور برہان گروپ کا آخری زندہ رکن تھا۔
برہان ،حزب المجاہدین کا معروف کمانڈر تھا جس کی ہلاکت نے جولائی2016کو ایک زور دار عوامی قیام کو جنم دیا۔
ذرائع کے مطابق باقی ماندہ دو جاں بحق جنگجوئوں میں مولوی طاریق ساکنہ مولو چھترا گام اورشارق نینگرو ساکنہ چھوٹی گام شوپیان شامل ہیں۔
تینوں کا تعلق حزب المجاہدین نامی عسکری گروہ کے ساتھ تھا۔
اس سے قبل آج صبح پولیس ذرائع کے مطابق فورسز نے شوپیان کے امام صاحب علاقے میں واقع آڑکھار نامی گائوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پارٹی پر گولیاں چلائیں اور بعد میں شروع ہوئی معرکہ آرائی کے دوران تین جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔
اس معرکہ آرائی کے دوران ایک فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔
معرکہ آرائی کے مقام پر پتھروں سے لیس سینکڑوں مظاہرین فورسز کے ساتھ نبرد آزما ہوئے۔ اس دوران فورسز کارروائی میں کم سے کم 17مظاہرین زخمی ہوگئے
دریں اثناء حکام نے معرکہ آرائی کے فوراً بعد شوپیان ضلع میں انٹر نیٹ سروس معطل کردی۔
واضح رہے کہ شوپیان اور پلوامہ اضلاع کے اندر لوک سبھا پولنگ کے تحت 6مئی کو ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔