نئی دہلی//کانگریس صدر راہل گاندھی نے متحد ہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے ) حکومت کے وقت کئے گئے چھ سرجیکل اسٹرائیک کو ‘ویڈیو گیم’ قرار دینے اور ان کا مذاق اڑانے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایسا کہہ کر فوج کی توہین کی ہے ۔مسٹر گاندھی نے آج کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ فوج کسی کی جائیداد نہیں ہے ۔ فوج قوم کی ہوتی ہے اور ان کی توہین نہیں کی جاسکتی لیکن مسٹر مودی نے وزیر اعظم کے عہدہ کے وقار کا خیال رکھے بغیر فوج کی توہین کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو سمجھنا چاہئے کہ بری’ بحری اور فضائیہ ان کی نجی جائیداد نہیں ہے ۔ فوج پورے ملک کی ہوتی ہے لیکن جب وزیر اعظم کہتے ہیں کہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت نے سرجیکل اسٹرائیک ویڈیوگیم میں کی تھی تو وہ کانگریس کی نہیں بلکہ فوج کی توہین کرتے ہیں۔وزیر اعظم پر مسلح افواج کو سیاست سے آلودہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس صدرنے کہا کہ فوج ملک کی حفاظت کے لئے ہوتی ہے اور اس کا سیاسی فائدہ نہیں اٹھایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو سیاست میں نہیں ملوث کیا جانا چاہئے اور نہ ہی فوج کی توہین کی جانی چاہئے کیوں کہ فوج کی توہین ملک کی توہین ہے ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے کبھی بھی فوج کا سیاسی استعمال نہیں کیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ذریعہ سرجیکل اسٹرائیک کا سہرا لینے پر انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سرجیکل اسٹرائیک کانگریس کا نہیں بلکہ فوج کا کام تھا اور اسی نے اسے انجام دیا تھا۔