بانہال // جنگلات اور جنگلی درختوں کو آگ سے بچانے کیلئے محکمہ جنگلات بانہال کی طرف سے مڈل سکول چاچاہال بانہال میں ایک روزہ جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت رینج آفیسر بانہال محمد الطاف وانی نے کی جبکہ بلاک فارسٹ آفیسر محمد رفیع بیگ اور مقامی سرپنچ غلام رسول اور علاقے کے دیگر معززین اور پنچایتی نمائندے بھی اس جانکاری کیمپ کے موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر کمپارٹمنٹ نمبر 42 بانہال بلاک کے جنگلات اور دیگر آسپاس کے جنگلات کو آگ سے بچانے کے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی اور مقامی لوگوں کو جنگلات کا محافظ قرار دیتے ہوئے ان کی حفاظت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر رینج افسر بانہال الطاف وانی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جنگلات کو بچانے اور جنگلات میں لگنے والی آگ کی وارداتوں کو قابو میں کرنے کے اقدامات پر خصوصی توجہ دیںاور آگ اور تجاوزات کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے لوگوں کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اراضی جنگلات کے تحفظ اور تجاوزات کو روکنے میں محکمہ جنگلات کو تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ اور حفاظت کرنا محکمہ جنگلات کے ساتھ مقامی لوگوں کا بھی فریضہ ہے اور جنگلات کی حفاظت کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہے۔