آئی جی کشمیر ایس پی پانی نے پولیس ، سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران کے ہمراہ سیول سیکریٹریٹ کا دورہ کیا اور وہاں پر دربار مو دفاتر کے کھلنے کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ان کے ہمراہ ڈی آئی جی سینٹرل کشمیر ، ایس ایس پی سرینگر اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران بھی موجود رہے۔ انہوں نے سیول سیکریٹریٹ کا معائنہ کیا اور وہاں چیکنگ پوائنٹس اور اسمبلی کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔ سینئر آفیسران نے آئی جی کشمیر کو سیول سیکریٹریٹ کے اندر ملازمین کی سیکورٹی اور دیگر سہولیات کیلئے کئے جا رہے انتظامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ بعد میں وہ سیول سیکریٹریٹ کی حفاظت پر مامور آفیسران اور جوانوں سے بھی ملاقی ہوئے۔ انہوں نے سیول سیکریٹریٹ کی حفاظت پر تعینات اہلکاروں سے تاکید کہ وہ ڈیوٹی کے دوران مستعد رہیں تاکہ سیول سیکریٹریٹ کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے سیکورٹی آفیسران پر زور دیا کہ وہ سیول سیکریٹریٹ میں اپنے مسائل حل کرانے کی خاطر آنے والے سائلین کو ہر قسم کی معاونت فراہم کریں اور اُنہیں انتظامیہ کی جانب سے مقرر کئے گئے اوقات کے دوران ہی سیکریٹریٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت فراہم کریں تاکہ اُنہیں دقتوں کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔انہوں نے آفیسران سے تلقین کی کہ وہ عوام الناس کے عزت نفس کا بھر پور خیال رکھیں اور اُس کے ساتھ ہی سیکورٹی پروٹوکال پر من وعن عمل کریں۔