منجا کوٹ//ضلع راجوری کی تحصیل منجا کوٹ کے متعدد علا قوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت اور محکمہ پی ایچ ای کے غفلت شعاری کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔تحصیل ہیڈ کوارٹر پر گزشتہ کئی دنوں سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی متاثر ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے میکینکل شعبہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ خراب ہو ئی مشینری کی مرمت ہی نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ منجا کوٹ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر پر بنائی گئی لفٹ اسکیم کے تحت لگ بھگ 200سے زائد گھروں اور سرکار دفاتر میں پینے کا پانی سپلائی کیا جاتا ہے لیکن اسکیم خراب ہو نے کی وجہ سے لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے پینے کا صاف پانی لانا پڑتا ہے ۔اسی طرح منجا کوٹ کے دھیری ارلیوٹ میں محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے چلائی جارہی اسکیم گزشتہ کئی دنوں سے بند ہو ئی ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین کی مبینہ طورپر غیر سنجیدگی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دھیری ارلیوٹ میں اس سے قبل کئی مرتبہ لفٹ اسکیم خراب ہو چکی ہے جبکہ محکمہ پی ایچ ای کے ملازمین محکمہ کے میکینکل شعبہ پر الزام عائد کرکے پیچھا چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن عوام کو سہولیات فراہم کر نے کیلئے سنجید گی کا مظاہرہ نہیں کیا جاتا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے لفٹ اسکیم کی مشینری خراب ہو ئی ہے لیکن محکمہ غیر سنجید گی کا مظاہرہ کررہا ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی دو پنچایتوں کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔منجا کوٹ کی عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ماہ صیام میں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔