مینڈھر//کرشنا گھاٹی سیکٹر کے منکوٹ، دبڑاج، ساگرہ،بنلوئی ،گانی سمیت کئی گائوں کو پاکستانی افواج نے دوسرے دن لگاتار نشانہ بناتے ہوئے زوردار فائرنگ اور گولہ باری کی جبکہ اس دوران ایک بی ایس ایف سب انسپکٹر کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ، فائرنگ سے متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا او رکئی درجن مویشی زخمی ہوئے ہیں،تاہم اس دوران مزید کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق مینڈھر سب ڈویژن کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ساڑھے تین بجے سے دونوں ممالک کے مابین فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جس دوران ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جبکہ پاکستانی افواج نے کئی آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنایا۔ فائنر نگ سے جنگلات میں بھی آگ لگی ہوئی ہے جوکہ کئی کلو میٹر دوری تک پھیل گئی ہے آخری خبریں ملنے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کئی گھنٹوں سے لوگ اپنے مکانوں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور علاقہ کے اندر فائنرنگ اور گولہ باری کی آوازیں دور دور تک سنی جارہی ہیں ۔ زخمی بی ایس ایف آفیسر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد آرمی ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا ہے ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان افواج نے پیر کو سہ پہر قریب دو بجکر 45 منٹ پر ضلع پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں بھارتی فوج اور سرحدی دیہات کو نشانہ بناکر فائرنگ کی اور مارٹر گولے داغے۔انہوں نے بتایا کہ ہماری فوج پاکستان کی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔واضح رہے کہ اتوار کو ایل او سی کے کرشنا گاٹھی اور کیری سیکٹروں میں پاکستانی فائرنگ سے ایک فوجی افسر سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔