سرینگر//کشمیر خطے سے تعلق رکھنے والے جے کے بینک ترقی یافتہ افسراں کی جانب سے گزشتہ دنوں بینک چیئرمین کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بینک کے سر پرست پرویز احمد کی انسانی وسائل کی بہتر آبیاری پر انہیں انعام و اکرام سے نوازا گیا۔ بینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ پی کے تکو اور آر کے چھبر کی موجودگی میں چیئرمین کے اعزاز میں یہ تقریب سرینگر کے نگین کلب میں اُن آفیسروں کی جانب سے منعقد کی گئی جنہیں حال ہی میں ترقیوں سے نوازا گیا تھا۔ اس موقع پر بینک کے پریزیڈنٹ جی ایم صادق، راکیش گنڈوترا، ارون گنڈوترا ، جی این تیلی، سنیل گپتا، رجنی صراف، محمد مقبول لون ، محمد یونس پٹو اور اشرف علی بھی موجود تھے۔ ان آفیسروں نے اپنے چیئرمین کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف میں کہا کہ انہوں نے ایسا وسیع النظر لیڈر اپنے پورے کیرئر میں نہیں دیکھا ہے جسے ہر ایک آفیسر کی کار کردگی پر گہری نظر ہے اور جو انکی محنت کا صلہ فراخدلی سے دے رہے ہیں۔ چیئرمین نے اس موقع پر کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ مجھے اتنے محنت کش ملازم ملے ہیں جو اپنے گھروں سے زیادہ اپنے انسٹی چیوٹ کی فکر میں لگے رہتے ہیں۔ مجھے اپنے ہر ملازم کی قابلیت پر پورا بھروسہ ہے لیکن ہمیں اس خوش فہمی میں بھی نہیں رہنا ہے کیونکہ ہماری منزل ابھی دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے کے بینک ریاستی لوگوں کا ایک با وقار اور بھروسہ مند ادارہ ہے اور ہمیں اپنے لوگوں کی خدمت میں بہت آگے بڑھنا ہے۔ مجھے اس بات میں کوئی مبالغہ نہیں کہ ہمارے ملازمین جو کچھ بھی پاتے ہیں وہ انکی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ جے کے بینک کے سارے ملازم اپنے ادارے کو آگے بڑھانے میں جی جان سے محنت کرتے رہینگے جس میں نہ صرف انکو بینک کا سوچنا ہے بلکہ ریاستی عوام کی امنگوں پر بھی کھرا اترنا ہے۔اس تقریب کو اعجاز راہ، اعجاز ساحر اور شازیہ بشیر نے موسیقی سے رنگینی بخشی۔ تقریب کے اختتام پر کلسٹر ہیڈ بشیر سندرو نے اپنے اختتامی کلمات میں مندو بین کا شکریہ ادا کیا۔