سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کی صدارت میں منگل کو آفیسران کی ایک میٹنگ میں 9سے26مئی تک لئے جارہے، جے اینڈ کے سروس سلیکشن بورڈ کے امتحانات کے سلسلے میں کی جارہی تیاریوں کاجائز ہ لیا۔میٹنگ کے دوران امتحانات کے احسن اور خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ سٹور کیپر،ڈرائیور،اردو این ٹی اورسی بی ٹی اسامیوں کے لئے مختلف امتحانی مراکز میں 14905امیدوار شامل ہورہے ہیں۔
صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو تمام مراکز میں مائیکرو اوبزرورس کی تعیناتی عمل میںلانے کے علاوہ سٹرانگ روم سے مراکز تک امتحانی مواد لے جانے کے لئے مجسٹریٹوں کو تعینات کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے امتحانی مراکز کے گردونواح میں دفعہ144کا نفاذ عمل میں لانے کے بھی احکامات صادرکئے۔صوبائی کمشنر نے امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے آفیسران کو قریبی تال میل اورتندہی سے کام کرنے پرزوردیا۔انہوںنے امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لئے بجلی،پانی،بیت الخلأ اوردیگر لازمی سہولیات دستیاب رکھنے پر بھی زوردیا۔
میٹنگ میںایڈیشل کمشنر کشمیر،ترقیاتی کمشنرسرینگر،ممبر جے کے ایس ایس بی،ایڈمنسٹریٹو آفیسر جے کے ایس ایس بی اور متعلقہ پولیس آفیسران کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔