جموں//جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ کے صدر سنیل ڈمپل نے لیہہ جرنلسٹ معاملہ میں حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے بی جے پی لیڈران رویندر رینہ اور وکرم رندھاوا کا نارکو ٹیسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ڈمپل نے ان باتوں کا اظہار یہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب لیہہ میں سنگین نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں اور پویس نے اس سلسلہ میں بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ اور ایم ایل سی وکرم رندھاوا کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈران نے میڈیا کو لفافے سونپتے ہوئے کہا تھا کہ جموں رپورٹروں کے ساتھ یہ معمول کی بات ہے، جس پر لیہہ میڈیا نے یہ لفافے قبول کئے۔ڈمپل نے کہا کہ یہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے اور جموں کے رپورٹروں کو اسکا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر رینہ اور رندھاوا نارکو ٹیسٹ کا مطالبہ کر تے ہیں،تو ایسا کرنا چاہیے،تاکہ صداقت سامنے آئے۔انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھی اس سلسلہ میں موثر کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک سے ایم ایل سی وکرم رندھاوا کو برخاست کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے تمام سیاسی پارٹیوں سے متحد ہو کر ایک اتحاد بنانے کی اپیل کی،تاکہ ریاست جموں و کشمیر کو منقسم سیاست سے بچایا جا سکے۔انہوںنے بی جے پی پر مبینہ الزام لگایا کہ وہ ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد نہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور سرکاری ا نتظامیہ گورنر سے چلانا چاہتے ہیں۔انہوں نے پارلیمانی اور اسمبلی نشستوں کے لئے حد بندی کمیشن منعقد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔