نئی دہلی//سرکاری فضائیہ کمپنی ایر انڈیا پرواز کے تین گھنٹے کے اندر ٹکٹ بک کرانے پر تقریباَ 40فیصد کی چھوٹ دے گی۔ کمپنی نے آج بتایا کہ ایر انڈیا کے یہاں واقع ہیڈکوارٹر میں مالی جائزہ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا۔ کمپنی کے ترجمان دھننجے کمار نے بتایا کہ یہ چھوٹ عام طور پر 40فیصد کے آس پاس ہوگی۔ اس سے جہاں ایک طرف مسافروں کو آسانی ہوگی وہیں دوسری طرف ایر لائن کی خالی رہنے والی سیٹوں میں بھی کمی آئے گی جس سے اس کا ریونیو بڑھے گا۔ ایر انڈیا نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ بالکل آخری وقت میں ٹکٹ بک کرانے والے بیشتر لوگ ایسے ہوتے ہیں جنہیں ہنگامی حالات میں سفر کرنا پڑتا ہے ۔ ہندوستانی ایوی ایشن مارکیٹ میں عام طور پر آخری وقت میں ٹکٹ بک کرانے کے لئے زیادہ پیسے دینے ہوتے ہیں۔ لیکن ایر انڈیا کے اس فیصلے سے ایسے مسافروں کو بہت راحت ملے گی۔ سیٹ خالی ہونے پر آخری وقت پر ٹکٹ کمپنی کے کسی بھی چینل سے خریدے جاسکتے ہیں۔ مسافر ایر انڈیا کے کاونٹر’ موبائل ایپ’ ویب سائٹ یا ٹریول ایجنٹ کے ذریعہ سے یہ ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔یو این آئی