بانہال // رام بن کے ڈگڈول علاقے میں پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ دو روز تک بند رہنے کے بعد جمعہ کی شام بحال کی گئی اور بدھ کی شام سے رام بن اور اودہمپور کے درمیان درماندہ ٹریفک کو وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ادھر شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے کشمیرجانے والے مال بردار ٹرکوں میں پڑا لاکھوں روپے کی مالیت کا پھل ، فروٹ اور سبزیاں خراب ہوگئیں اور سینکڑوں بھیڑ بکریاں اور مرغ گرمی کی شدت کی وجہ سے ٹرکوں میں ہی ہلاک ہوگئے ۔ ڈگڈول کے مقام پر شاہراہ بند ہونے سے تین ہزار سے زائد مال اور مسافر گاڑیاں رام بن اور اودہمپور کے درمیان مختلف مقامات پر درماندہ ہو گئی تھیں۔ شاہراہ سے ملبہ صاف کرکے اس کی بحالی کا کام جمعہ کی شام پانچ بجے کے قریب مکمل ہو پایا اور یوں 48 گھنٹے بعد عارضی طور پر شاہراہ کو یکطرفہ طور بحال کرکے درماندہ ٹریفک کو وادی کشمیر کی طرف چھوڑدیا گیا۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کو دوسرے روز بھی ڈگڈول کے مقام پرشاہراہ کی بحالی کا کام گرتے پتھروں کی وجہ سے بار بار متاثر رہا تاہم فورلین شاہراہ کی تعمیراتی کمپنی کی 6 مشینوں کی مدد سے شاہراہ کو 48 گھنٹوں کے بعد قابل آمد و رفت بنایا گیا۔