سرینگر/صوبائی کمشنر، کشمیر بصیر احمد خان نے سوموار کو یقین دلایا کہ سمبل عصمت ریزی کیس کی تحقیقات فاسٹ ٹریک بنیادوں پر ہورہی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی۔
صوبائی کمشنر نے کہا''ہمیں گورنر سے احکامات ملے ہیں کہ سمبل واقعہ کی ٹائم بائونڈ تحقیقات ہونی چاہئے اور میں خود اس کیس کی مانیٹرنگ کر رہاہوں۔''
متاثرہ بچی کے حق میں انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے خان نے کہا کہ ملزم کیخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا''لوگوں کو حکومت پر اعتماد رکھنا چاہئے۔ہم جنگی بنیادوں پر کام کررہے ہیں۔اگر لوگوں کو کسی قسم کی کوئی شکایت ہے تو مجھ سے رابطہ کریں یا ضلع انتظامیہ کو بتائیں''۔
واضح رہے کہ سمبل میں پیش آئے واقعہ کیخلاف پوری وادی میں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
پولیس نے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جو ملک پورہ تریگام ،سمبل کا رہنے والا ہے۔
پولیس نے اُس سکولی پرنسپل کو بھی دھر لیا ہے جس نے مبینہ طور ملزم کے حق میں نابالغ ہونے کی سند جاری کی تھی۔