اُمیدواروں کا گورنر اوربنک چیئرمین کا شکریہ
جموں //جموں و کشمیر بینک کے خواہش مند پروبیشنری افسرامید واروں نے حکام کی جانب سے بینک کے امتحان میں شامل ہونے کے لئے ریاست بھر میں پرلیمنری امتحان میں 40 نمبرات یکسان کٹ آف ر کھنے کے فیصلہ کی ستائش کی۔ان ا میدواروں نے گورنر ستیہ پال ملک اور چیئرمین پرویز احمد کا خواہش مند امیدواروں کی شکایت کا ازالہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ یا رہے کہ جموں خطہ کے امیدوار پی او اسامی کیلئے پرلیمنری امتحان کے نتائج شائع ہونے کے بعد گذشتہ تین دنوں سے احتجاج کر رہے تھے۔ ان امیدواروں کا کہنا تھا کہ صوبہ جموں کے 62 ۔نمبرات والے امیدواروں کو نا اہل قرار دیا گیا تھا جبکہ وادی کشمیر سے 40نمبرات حاصل کرنے والے امیدواروں کو امتحان میں شامل ہونے کے اہل قرار دیا گیا تھا۔ان امیدواروں نے گورنر اور بینک کے چیر مین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انکی مداخلت سے ہی انتظامیہ اس امتیازی فیصلہ کو واپس لینے پر مجبور ہو گئی اور خواہش مند امیدواروں کی شکایات کاازالہ کیا۔طلاب نے سوشل گروپوں ، سیاست دانوں بشمول شاہ فیصل ،سابقہ وزیر شام لعل شرما ،پریا سیٹھی ۔اودہمپور پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدوار وکرما دتیہ سنگھ کو ناراض امیدواروں کی آواز کا سوشل میڈیا کے ذریعہ ساتھ دینے پر انکا شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل جموں و کشمیر بینک نے جموں و کشمیر بینک پروبیشنری افسر کی اسامی کیلئے مین امتحان میں شامل ہونے کے لئے کٹ آف نمبرات 40کر دئے،جو کہ شیڈول کے مطابق ماہ جون میں منعقد ہونے والا ہے۔جے اینڈ کے بینک کے چیر مین پرویز احمد نے ٹویٹر پر پوسٹ میں کہا ہے کہ امید واروں کی عرض داشت اور گورنر کے ہدایات کے تحت بینک نے ریاست بھر میں پی او امتحاں میں شامل ہونے کے لئے یکسان کٹ آف 40نمبرات کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ جن امیدواروں نے 40یا اس سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہیں ، مینز میں شامل ہونے کے اہل ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبہ جموں کے امیدواروں نے بینک امتحان میں جموں کے امیدواروں کے ساتھ امتیاز کرنے پر صدائے احتجاج بلند کیا تھا،جس میں انہیں متعدد سیاسی و سماجی پارٹیوں کا بھی تعاون حاصل تھا ۔تاہم ، بینک نے دعویٰ کیا تھا کہ پورا عمل صاف و شفاف ڈھنگ سے منعقد کیا گیا ہے اور کہا تھا کہ بورڈ نے طے شدہ پالیسی کے تحت کٹ آف نمبرات کی حد مقرر کی تھی۔