سرینگر/علیحدگی پسندوں نے جمعرات کو وادی میں مسلسل ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کیلئے جمعہ کو کشمیر بندھ کی اپیل کی۔
ایک بیان میں علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا''ماہ رمضان کے دوران بھی ہلاکتوں اور خون خرابے کا سلسلہ جاری ہے اور شہریوں اورعسکریت پسندوں کی ہلاکتوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے''۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نہیں تودوسرے طریقے سے کشمیری عوام تنازع کشمیر کی قیمت چکارہے ہیں اور یہاں کے عوام کیخلاف طاقت کا استعمال کسی رکاوٹ کے بغیر جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پلوامہ میں فورسز کے ہاتھوں رئیس احمد ڈار، پٹن کے ارشد احمد ڈار اور بھدرواہ میں وی ڈی سی اہلکاروں کے ہاتھوں نعیم شاہ کی ہلاکتیں طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نتیجہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ان ہلاکتوں کیخلاف احتجاج کرنے کیلئے جمعہ17مئی کو پر امن ہڑتال کی جانی چاہئے ۔اس دن ائمہ اور خطیب اپنے جمعہ خطبوں میں جاری خون خرابے کیخلاف آواز بلند کریں گے۔