بھدرواہ واقعہ تشویش کا باعث
دونوں طبقے بھائی چارہ برقرار رکھیں :چاڑک
جموں//ڈوگرہ صدر سبھا نے بھدرواہ واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں طبقہ امن و بھائی چارے کی صورتحال کو برقرار رکھیں اور سماج دشمن عناصر کی کوششوں کاناکام بنایاجائے ۔ ڈوگرہ صدر سبھا کے صدر گلچین سنگھ چاڑک نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ بھدرواہ کے واقعات تشویش کاباعث ہیں اور دونوں طبقوں کو امن و بھائی چارے کو بہر صورت برقرار رکھناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ واقعہ پر پولیس نے گائو رکھشکوں کے ملوث ہونے سے انکار کردیاہے اور اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہے لیکن اس سے فرقہ وارانہ ماحول کو نقصان پہنچاہے ۔انہوں نے کہاکہ دونوں طبقوں کے لوگ بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں ۔چاڑک نے مقامی سیاسی کارکنان پر زور دیاکہ وہ صورتحال کو قابو میں لانے میں اپنا رول ادا کریں اور ایسے بیانات دینے سے گریز کریں جو جلتی پر تیل کاکام کریں اور صورتحال کے مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہو۔انہوں نے اس امید کااظہار کیاکہ روایتی بھائی چارے کو برقرار رکھاجائے گا اور دونوں طبقوں کے لوگ پھر سے بھائی بھائی بن کر رہیں گے ۔
بار ایسو سی ایشن مہور کا اجلاس منعقد
زاہد ملک
مہور//مہور عدالت کے احاطے میں بار ایسو سی ایشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدار ت بار کے صدر نے کی ۔اس موقعہ پرعرائض نویس ، اشٹام فروش اور خدمت سنٹر سے جڑے رضاکاروں کو قانونی امور کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور ان پر زور دیاگیاکہ وہ اپنے کام قانونی حدود میں رہ کر ہی کریں تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو ۔وکلاء نے عدالت کے عملہ ،وکیلوں کے منشیوں ،عرائض نویس،اشٹام فروشوں اور بنک سے جڑے رضاکاروں کو آئندہ کیلئے ہوشیار رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ اگر کوئی بھی شکایت موصول ہوئی تو اس کی اطلاع متعلقہ افسران کو دی جائے گی تاکہ قانونی کارروائی ہوسکے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے دفاتر میں کسی بھی غیر قانونی کارکن کو بیٹھنے کی اجازت نہ دیں اور قوانین کی مکمل طور پر پاسداری کریں تاکہ مہور کے لوگوں کو انصاف مل سکے اور کسی کے ساتھ ظلم نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے ریٹ غیر قانونی طور پر بڑھانے کے اقدامات سے بھی گریز کریں ۔
سماجی کارکن کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار
مہور// مہور کے سماجی کارکن مشتاق ملک کی والدہ نسیم بیگم زوجہ حاجی عبدالرشید ملک ساکنہ جمسلان مہور انتقال کرگئیں جس پر مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ کنبہ کے ساتھ ہمدرد ی ظاہر کی ہے ۔ اس سلسلے میں پی ڈی پی ضلع صدر ریاسی شفیق الرحمن بٹ،بیوپار منڈل مہور،سینئر ایڈووکیٹ عبدالغنی بٹ و دیگران نے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفر ت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
ایئروائس مارشل پنکج موہن سنہا کی گورنر سے ملاقات
ریاست میں ایئر فورس کی ذمہ داریوںکی آگاہی دی
سرینگر// ائیر افسر کمانڈنگ جے اینڈ کے ائیر وائس مارشل پنکج موہن سنہا نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کر کے ریاست میں انڈین ائیر فورس کی ذمہ داریوں سے متعلق اُنہیں آگاہ کیا۔گورنر نے انڈین ائیر فورس کی جانب سے ریاست میں پیشہ وارانہ طریقہ پر فرائض انجام دینے کی سراہنا کی اور ریاست کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ائیر فورس کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد کی بھی تعریف کی۔