سرینگر// پی ڈی پی نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے ہند پاک اور کشمیری لیڈر شپ کے درمیان بامعنی مذاکراتی عمل کی وکالت کی ہے۔پارٹی نے کہا ہے کہ اگر اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا تو یہ دونوں ملکوں کے درمیان نیوکلیائی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔پارٹی کے تمام سنیئر لیڈروں کی میٹنگ اتوار کو منعقد ہوئی ۔جس کی سدارت محبوبہ مفتی نے کی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ سیاسی طاقتوں کو مل کر جموں کشمیر کو موجودہ افراتفری، خون خرابہ اور غیری یقینیت کے ماحول سے باہر نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب مسئلہ کشمیر کے بارے میں یہ حقیقت آشنا ہوئی ہے،کہ اگر اس کو ایسا ہی چھوڑا گیا،تو یہ ہندوستان اور پاکستان کو جوہری جنگ کی طرف دھکیلنے کیلئے مجبور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کیلئے یہ موزوں وقت ہے کہ وہ اپنے جامع مفادات کیلئے مسئلہ کشمیر کو ترجیجی بنیادوں پر حل کریں،اور اسکے آغاز کیلئے پی ڈی پی کا سیلف رول فارمولہ ہے،جو بہترین متبادل ہے،جس کو پہلے ہی جنوبی ایشائی خطے کی بڑی آوازوں کی پذیر ائی بھی حاصل ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حالیہ ایام میں پاکستان نے پرامن اور بامعنی مذاکراتی عمل کیلئے مثبت اشارے دئیے ہیں۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ امن اور مفاہمت کی پہل کیلئے مثبت جواب دیں۔محبوبہ مفتی نے2014کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی نے حکومت اقتدار کیلئے نہیں بلکہ ریاستی عوام کے وسیع تر مفادات کیلئے تشکیل دی اور لوگوں کو بحرانی صورتحال سے باہر نکالا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل ریاست میں امن کی واپسی کو یقینی بنانے اور لوگوں کو خون خرابے کی صورتحال سے باہر نکالنے کیلئے کی گئی تھی،جبکہ پی ڈی پی کا مقصد ہند،پاک کو ایک ہی میز پر جمع کر کے دہائیوں سے لٹکے مسئلہ کشمیر کو امن مذاکرات سے حل کرنے کا ہے ۔انہوں نے دونوں ملکوں کو مشورہ دیا کہ وہ برصغیر کے عوام کے جامع وسیع تر مفادات کیلئے اپنی انا چھوڑ دیں،اور اس کا حل جموں کشمیر کے عوام کے احساست کو ایڈرس کرنے اور دونوں ملکوں کی استحکامت کو بنائے رکھنے سے ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ریاست کی منفرد حیثیت اور تشخص کا تحفظ،کنٹرول لائن کے آر پار راستے کھولنے،آئینی وعدوں کو عملی جامعہ پہنانے، ریاست کے آبی وسائل کو جموں کشمیر کی فلاح کیلئے استعمال میں لانے،آر پار کشمیر میں مشترکہ کونسل کی تشکیل،پی ڈی پی کے ایجنڈا میں شامل ہے۔ پی ڈی پی سرپرست مظفر حسین بیگ،پارٹی کے نائب صدر عبدالرحمان ویری،جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ اور عبدالحق خان نے بھی میٹنگ سے خطاب کیا۔