جموں //دیہی علاقوں میں سیکورٹی صورتحال مضبوط بنانے کے مقصد سے فوج کی طر ف سے جموں صوبہ کے وی ڈی سی ممبران (دیہی حفاظتی ٹیموں )کو ہتھیاروں کی تربیت فراہم کی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق وی ڈی سی ممبران کو تربیت اور ان کے ساتھ تبادلہ خیال فوج کی طرف سے ایک مستقل پروگرام ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ فوج مستقل بنیاد پر ان علاقوں کے وی ڈی سی ممبران سے ملاقات کرتی ہے جہاں ملک دشمن کی طرف سے ملی ٹینسی کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ اس تبادلہ خیال کے دوران وی ڈی سی ممبران کو ہتھیاروں کی تربیت دی جاتی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ وی ڈی سی ممبران سے کہاگیاہے کہ وہ اپنے علاقوں میں ہورہی سرگرمیوں پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی طرح کی مشکوک نقل و حرکت پر فوری طور پر مقامی پولیس تھانہ یافوج کے یونٹ کو اطلاع دیں ۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان لفٹنٹ کرنل ابھینو نونیت نے بتایاکہ وی ڈی سی ممبران کے ساتھ ملاقات ایک مستقل پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد بہتر تال میل اور عوام کے درمیان بہتر روابط قائم کرناہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس پروگرام کے تحت سموٹ راجوری میں وی ڈی سی ممبران کو ہتھیاروں کی صفائی اور انہیں استعمال کرنے کی تربیت فراہم کی گئی اور ساتھ ہی انہیں معمولی مرمت اور فائرنگ پوزیشن کے بارے میں بھی بتایاگیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریاست میں نوے کی دہائی میں ان دورافتادہ علاقوں میں وی ڈی سی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی جہاں نزدیک میں کوئی پولیس تھانہ یا فوجی یونٹ نہ تھا۔ان کمیٹیوں کے ممبران کو تربیت دے کر ہتھیار دیئے گئے تاکہ جنگجوئوں کے حملوں کا جواب دے سکیں ۔ جموں صوبہ میں اس وقت 450کے قریب وی ڈی سی کام کررہے ہیں ۔