سرینگر/حکام نے منگل کو سرینگر کے پائین علاقوں میں علیحدگی پسندوں کا مجوزہ عید گاہ مارچ روکنے کیلئے پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
حریت کانفرنس (ع) نے عید گاہ میں جامع مسجد سے عید گاہ میں قائم مزار شہدا ء تک سابق میر واعظ مولوی محمد فاروق اور سابق حریت لیڈر عبد الغنی لون کی یاد میں مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
دونوں لیڈران کی برسیاں ایک ہی دن پڑتی ہیں۔ سابق میرواعظ کو1990جبکہ لون کو2002میں حملہ آئوروں نے جاں بحق کیاتھا۔
موجودہ میرواعظ اور حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق کے والد مولوی محمد فاروق کو21مئی1990 کواُن کے گھر میں جبکہ سجاد غنی لون اور بلال غنی لون کے والد عبد الغنی لون کو21مئی 2002کو مزار شہدا میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گولیاں مار کر جاں بحق کیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق علیحدگی پسندوں کے مارچ کو روکنے کیلئے خانیار،رعناواری،نوہٹہ،ایم آر گنج اور صفا کدل پولیس تھانوں کے ماتحت آنے والے علاقوں میں پابندیاں عاید کی گئی ہیں۔
شہر کے باقی علاقوں میں بھی پولیس اور فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔