حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یومِ انسداد دہشت گردی کے موقع پر آج ایک تقریب کا سمینار ہال’ شعبہ ترسیل عامہ و صحافت میں اہتمام کیا گیا۔ یونیورسٹی کے طلبہ’ اساتذہ و دیگر اہل کاروں نے دہشت گردی کی بیخ کنی کا عہد لیا۔ اس موقع پر ایک مباحثے کا اہتمام بھی کیا گیا جس کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹرانیس اعظمی، مشیر اعلیٰ، مرکز برائے مطالعاتِ اردو ثقافت نے کہا کہ آج تک کسی بھی مسئلہ کا دہشت گردی یا تشدد سے حل نہیں ہوا ہے ۔ بات چیت، ایک دوسرے کے تئیں احترام، محبت اور خلوص یہی وہ راستے ہیں جس سے سماج میں امن قائم کیا جاسکتا ہے ۔ مسٹرمعراج احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ترسیل عامہ و صحافت نے اس موقع پر سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ٹکنالوجی اور کمپیوٹر کو فروغ دینے والا شخص بتایا۔