نئی دہلی // 17ویں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے اکیلے 305نشستیں حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے جبکہ این ڈی اے کی نشستوں کی تعداد 353تک پہنچ گئی ہے۔کانگریس نے 52اور اسکی اتحادی جماعتوں نے مل کر92نشستیں حاصل کر لی ہیں جبکہ دیگر پارٹیوں نے کل ملا کر97 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ادھربھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے)کے نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کی پہلی میٹنگ آج ہفتہ کے روز شام کو پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ہوگی۔ جس میں نریندر مودی کو رسمی طور پر لیڈر منتخب کیا جائے گا۔ لیڈر منتخب ہونے کے بعد مودی صدر رام ناتھ کووند سے مل کر انہیں اس کی اطلاع دیں گے۔ اس کے بعد صدر انہیں وزیر اعظم نامزد کریں گے اور حلف لینے کے لئے مدعو کریں گے۔ حلف برداری کی تاریخ اور وقت وزیر اعظم طے کرکے راشٹرپتی بھون کو مطلع کریں گے۔ذرائع کے مطابق مودی کے اگلے ہفتہ نئی کابینہ کے ساتھ حلف لینے کی امید ہے۔اس سے قبل مرکزی کابینہ کی میٹنگ ہوئی جس میں سولہویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔ کابینہ کی اس سفارش کو بھی صدر نے قبول کرلیا۔میٹنگ کے بعدوزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام کو صدر رام ناتھ کووند کوی اپنا استعفی سونپ دیا۔جسے صدر نے فوراَ قبول کرلیا اور نئی حکومت کی تشکیل تک کارگذار وزیر اعظم کے طور پر کام کرتے رہنے کی ان سے درخواست کی۔سترہویں لوک سبھا کی تشکیل کا عمل تینوں الیکشن کمشنروں کے صدر کو نو منتخب اراکین پارلیمنٹ کی فہرست سونپے جانے کے ساتھ شروع ہوگی۔مسٹر کووند نے آج رات آٹھ بجے وزیر اعظم اور کابینہ کے ان کے تمام ساتھیوں کو ڈنر پر مدعو کیا ہے۔