حیدرآباد//آندھراپردیش کے نومنتخب وزیراعلی و وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے کٹر حریف و سابق وزیراعلی این چندرابابونائیڈو کو اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے مدعو کیا۔اس خصوص میں جگن نے خود منگل کو چندرابابو کو فون کرتے ہوئے وجئے واڑہ میں ہونے والی اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی ان کو دعوت دی۔جگن نے جو موجودہ آندھراپردیش کے پہلی مرتبہ وزیراعلی بننے جارہے ہیں، کی پارٹی نے ان انتخابات میں چندرابابو زیرقیادت تلگودیشم پارٹی کو شکست دی ہے ۔جگن اس ماہ کی 30تاریخ کو عہدہ اور رازداری کا حلف لینے والے ہیں۔ایک خیر سگالی معاملہ میں جگن نے چندرابابو کو فون کرتے ہوئے ان کو تقریب حلف برداری میں شرکت اور ان کو آشیرواد دینے کی خواہش کی۔جگن نے پہلے ہی اپنی تقریب حلف برداری کیلئے وزیراعظم مودی، بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کے علاوہ پڑوسی تلگو ریاست تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کو مدعو کیا ہے ۔چندرشیکھرراو نے جگن کی پارٹی کی انتخابات میں حمایت کی تھی۔