سرینگر//آج برصغیرہندوپاک کے بیشترعلاقوں کی طرح ہی منقسم ریاست جموں وکشمیرکے سبھی خطوں کشمیر وادی، جموں،لداخ،پاکستانی زیرانتظام کشمیر اور گلگت وبلتستان میں عیدالفطرکی تقریب سعید انتہائی عقیدت واحترام اورتزک واحتشام کیساتھ منائی جارہی ہے۔ پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی اور شاہی امام نے نئی دلی میں منگل کی شام اس بات کی تصدیق کی کہ شوال کا چاند نظر آچکا ہے،اسلئے برصغیرہندوپاک میں 5جون بروزبدھ وارکوعیدالفطر کی تقریب سعیدمنائی جائیگی ۔خیال رہے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک اوردیگرکئی خطوں میں سوموارکی شام شوال کاچاندنظرآنے کے پیش نظرعیدالفطر منگل وارکوہی منائی گئی ۔ منگل کوشام دیرگئے رویت ہلال کمیٹی پاکستان اوربھارت کے مقتدرعلمائے دین نے یہ اعلان کیاکہ شوال کاچاندنظرآگیاہے ،اسلئے ماہ مبارک مکمل ہوچکاہے ،اوراب عیدالفطرکی تقریب سعیدبھارت اورپاکستان سمیت جنوب ایشیائی خطے کے دیگرممالک میں بدھ وارکومنائی جائے ۔منگل کی شام شوال کاچاندنظرآنے کی تصدیق ہوجانے کے بعدبرصغیرہندوپاک بشمول منقسم ریاست جموں وکشمیرمیں کروڑوں فرزندان توحیدعیدکی حتمی تیاریوں میں جٹ گئے جبکہ مساجدمیں منگل کوتراویح کے بجائے معمول کے مطابق نمازعشاء اداکی گئی ۔رات دیرگئے تک گھروں میں خواتین اچھے اورلذیذپکوان تیارکرنے میں مشغول رہیں۔عیدگاہوں ،جامع مساجد، خانقاہوں ،امام باڈوں اورکھیل میدانوں میں نمازعیدکی تیاریاں مکمل ہیں۔کشمیروادی کے سبھی دس اضلاع میں نمازعیدکے عظیم الشان اجتماعات ہورہے ہیں جبکہ سب سے بڑے اجتماعات تاریخی عیدگاہ سری نگر،درگاہ حضرتبل اورکھادی مل گراونڈ آلوچی باغ سمیت کئی مقامات پرہونگے۔تاریخی عیدگاہ سری نگرمیں موسم خشک اورخوشگواررہنے کی صورت میں نمازعیدبدھ کوصبح 10 بجے اداکی جائیگی ،اوراگرموسم خراب رہاتونمازعیدکابڑااجتماع تاریخی جامع مسجدمیں ہوگا۔دونوں صورتوں میں میرواعظ کشمیرمولوی محمدعمرفاروق نمازعیدکے اجتماعات کی پیشوائی کریں گے ۔مولوی عمر فاروق ٹھیک9 بجے فلسفہ عید اور رمضان کے فضائل پر روشنی ڈالیں گے۔وادی بھر کے تمام ضلعی ،تحصیل اور بلاک سطح پر بھی نماز عید کے سلسلے میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں جن میں لاکھوں فرزندان توحید شرکت کرینگے۔ادھر جموں شہر کے مسلم اکثریتی علاقوں کے علاوہ راجوری ، پونچھ ، ڈوڈہ ، بھدرواہ، کشتواڑ،بانہال اور رام بن،راجوری ، پونچھ ،اور کرگل میں بھی عظیم الشان اجتماعات کا انعقاد ہو گا جن میں لاکھوں فرزندان توحید شرکت کریں گے۔وادی کے دوسرے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی عید جوش و جذبے کیساتھ منائی جارہی ہے۔مساجد و خانقاہوں میں بڑے بڑے اجتماعات ہوئے اور فرزندان توحید نے سربسجود ہو کر بارہ گاہ الٰہی کا شکر ادا کیا جائیگا۔عالم انسانیت امن ترقی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیگی۔