سرینگر/جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں گذشتہ روز شام کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین شروع ہوئی مسلح معرکہ آرائی کے دوران چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔
حکام نے جمعہ کو کہا کہ یہ معرکہ آرائی پنجرن، لاسی پورہ نامی گائوں میںگذشتہ شام کو شروع ہوئی اور آج صبح چار جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے پر ختم ہوگئی ۔
پولیس کی طرف سے جاری ایک مختصر بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس معرکہ آرائی میں چار جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں جن کا تعلق جیش محمد نامی عسکری تنظیم سے تھا۔
پولیس نے مزید کہا یہ آپریشن اب ختم ہوگیا ہے۔جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت ابھی تک نہیں کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز شام کو فورسز نے پنجرن نامی گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی کے مصدقہ اطلاع کے بعد آپریشن شروع کیا تھا۔اس آپریشن میں رات دیر گئے دو جنگجو مارے گئے جبکہ مزید دو جنگجوآج صبح اُس وقت جاں بحق ہوگئے جب آپریشن کا سر نوآغازکیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ فورسز نے جنگجوئوں کیخلاف اپنے آپریشنز میں شدت اختیار کی ہے ۔