سرینگر/نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول کی سربراہی میں گذشتہ روز نئی دلی میں کشمیر کے موضوع پر ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سالانہ امرناتھ یاترا اور ریاستی اسمبلی انتخابات پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع نے جمعہ کو بتایا کہ میٹنگ میں جموں کشمیر کے گورنر کے مشیر اجے کمار،ریاستی چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامینیم، فوجی سربراہ بپن راوت، سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل آر آر بھٹناگر اور جموں کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے شمولیت کی۔
یہ اجیت دوول کی سربراہی میں، دوسری بار نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کشمیر کے بارے میں پہلی میٹنگ تھی۔
ذرائع نے کہا کہ میٹنگ کے دوران خاص طور سے سالانہ امرناتھ یاترا کے تناظر میں کشمیر کی مجموعی حفاظتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سال کی امرناتھ یاترا یکم جولائی کو شروع ہونے والی ہے۔
میٹنگ کا انعقاد الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اس اعلان کے بعد عمل میں لایا گیا جس میں کمیشن نے امرناتھ یاترا کے بعد اسمبلی الیکشن منعقد کرانے کا اعلان کیا۔