سرینگر/چھہ سالہ بچہ ،جو شمالی کشمیر کے اُوڑی علاقے میں گیس سلنڈر دھماکے میں زخمی ہوا تھا، سنیچر کو آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز)، دلی میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔
یہ حادثہ27 مئی کو پیش آیا تھا اور اس میں ایک ہی گھر کے پانچ بچے اور اُن کی ماں زخمی ہوئی تھی۔
عبید احمد نامی کمسن بچے کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سے ایمز منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق آج دم توڑ بیٹھا۔
اس سے قبل مذکورہ حادثے میں زخمی ہوکرپروینہ اختر، اُس کی تین بیٹیاں، سائمہ بانو،سبینہ بانو اور شائستہ بانو جاں بحق ہوگئی تھیں جبکہ آج پروینہ کا بیٹا عبید بھی داعی اجل کو لبیک کہہ گیا۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے گھر کے سربراہ کیلئے پہلے ہی آٹھ لاکھ روپے کی امدادی رقم واگذار کی ہے۔