سرینگر/جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں منگل کی صبح فورسز کے ساتھ معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
یہ معرکہ علی الصبح آونیرہ نامی گائوں میں پیش آیا جو ضلع کے زینہ پورہ علاقے میں پڑتا ہے۔
پولیس کے مطابق فورسز نے جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد آونیرہ گائوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران چھپے جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اُن کی یہ کوشش ناکام بنائی گئی اور جوابی کارروائی میں دو جنگجوئوں کو جاں بحق کیا گیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت کا کام جاری ہے۔
تاہم خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق جاں بحق جنگجوئوں میں سیار احمد بٹ ولد ثنا اللہ ساکنہ ماچھوا کولگام اور شاکر احمد وگے ساکنہ آونیرہ شامل ہیں۔
مذکورہ دونوں جنگجو انصار غزوة الہند نامی عسکری گروہ کے ساتھ وابستہ تھے۔
دریں اثناء حکام نے ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے۔