سرینگر/ حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری پنڈتوں کو کشمیری سماج کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے '' ہمارا یہ واضح موقف رہا ہے کہ کشمیری سماج اور تہذیب کا ایک حصہ ہونے کے ناطے کہ ہم ان کی پر امن گھر واپسی کا ہمیشہ خیر مقدم کریں گے اور اس سلسلے میں ہم نے بارہا پنڈت برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ آئیں اور ماضی کی طرح کشمیری تہذیب و تمدن کا ایک حصہ بن کریہاں زندگی گزاریں''۔
ایک بیان کے مطابق تولہ مولہ میں میلہ کھیر بھوانی میں شرکت کیلئے آئے پنڈتوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد ،جس کی قیادت شری ستیش کمار اور نتھل رازدان کررہے تھے، سے اپنی رہائش گاہ واقع میرواعظ منزل نگین پر ملاقات کے دوران میرواعظ نے انہیں کہا کہ کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی پر کوئی سیاست کرنے کے بجائے ان کی واپسی کو انسانی نقطہ نظر سے دیکھا جانا چاہئے ۔
بیان میں بتایا گیا کہ اس موقعہ پر پنڈت برادری کے وفد نے میرواعظ کو بتایا کہ اُنکی گھر واپسی کا معاملہ دلی اور سرینگر کے بیچ سیاست کی نذر ہوکر رہ گیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے لئے الگ کالونیوں کی تعمیر کا شوشہ کھڑا کرنے کے بجائے انہیں مختلف اضلاع اور مقامات میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل جل کر رہنے کی ماضی کی طرح سہولت فراہم کی جائے۔