سرینگر/پولیس نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ حفاظتی عملے کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ جنگجو شمالی کشمیر کے واڈورہ پائین بومئی سوپور علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فورا ًاس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور انہیں ڈھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی شروع کی۔
پولیس بیان کے مطابق فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوئوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ فورسزعملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
پولیس نے کہا کہ کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں ایک جنگجو ہلاک ہوگیا۔
بیان کے مطابق جائے جھڑپ پر سیکورٹی فورسز نے مہلوک شدت پسند کی لاش برآمد کرکے اس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی ہے۔